دوسرا ون ڈے: ندا اور سدرہ کی شاندار بیٹنگ، پاکستان ویمن نے ویسٹ انڈیز کو 34 رنز سے ہرا دیا: سیریز برابر
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر) پاکستان وویمن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں ویسٹ انڈیز وویمن ٹیم کو 34رنز سے شکست دے کر سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔پاکستان کے 241رنز کے ہدف میں ویسٹ انڈیز ٹیم 206رنز بنا سکی۔پاکستان کی جانب سے ڈیانا بیگ نے 4، ثنا میر نے 3، نشرا سندھو نے 2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے مابین 3میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہو گئی ہے۔اس سے قبل پاکستان نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کو جیتنے کیلئے 241رنز کا ہدف دیا۔پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور 49.4اوورز میں 240رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی اوپنر سدرا امین نے 96اسکور کی نمایاں اننگز کھیلی اور ندا ڈار نے 81رنز بنائے جب کہ کپتان بسمہ معروف 8اور ثنا میر 21اسکور بنا سکیں۔پاکستان کی اس میچ میں کامیابی کے بعد تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر ہوگئی ہے۔ پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے چھ وکٹوں کے نقصان پر 216رنز بنائے تھے جبکہ پاکستانی وومن ٹیم صرف 70رنز ہی بنا سکی تھی۔