بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے انسداد نسل پرستی کوڈ کی کاپی ویب سائٹ پر شائع کردی
لاہور(نمائندہ سپورٹس)پاکستان کرکٹ بورڈ نے ڈومیسٹک کرکٹ کیلئے انسداد نسل پرستی کوڈ کی کاپی ویب سائٹ پر شائع کردی ہے انسداد نسل پرستی قانون کا اطلاق پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن سے شروع ہوجائے گا۔کوڈ کا اطلاق تمام کھلاڑیوں، منیجمنٹ ایمپائرز اور ریفریز پر ہوگا۔ انسداد نسل پرستی کوڈ میں مصالحت کی آپشن رکھی گئی ہے۔ پہلے مرحلے پر دونوں فریق کی آپسی اور پھر پی سی بی کی مصالحت کو کوڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔پہلی بار کوڈ کی خلاف ورزی کرنے پر کھلاڑی یا منیجمنٹ سٹاف کو 4 سے 8 ایک روزہ میچز کی پابندی کا سامنا کرنا پڑیگا۔دوسری بار نسل پرستانہ عمل کیا تو 8 میچوں سے لے کر تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔ امپائر نے جرم پہلی بار کیا تو 1 سے 3 ماہ پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دوسری بار سزا 3 ماہ سے تاحیات پابندی تو تیسری بار ایک سال سے تاحیات پابندی کا سامنا کرنا پڑے گا۔جرم کا ارتکاب کرنے والے ہر فرد کو انسداد نسل پرستی پر تعلیمی پروگرام میں بیٹھنا بھی لازمی ہوگا۔