میڈیا نے شتر مرغ فارمرز کی آواز حکومت تک پہنچانے میں مدد کی، ملک ممتاز حسین
تلہ گنگ (نامہ نگار ) شتر مرغ فارمرز تلہ گنگ کے رہنما ملک ممتاز حسین نے کہا ہے میڈیا نے شتر مرغ فارمرز کی آواز حکومت تک پہنچانے میں ہماری مدد کی ہے شتر مرغ فارمرز کے مطالبات پر محکمہ لائیو اسٹاک پنجاب کے افسران بھی متحرک ہوئے ہیں تاہم صوبائیح حکومت کے متعلقہ محکمہ نے ابھی تک سب سڈی کی رقم فارمرز کو ادا نہیں کی ہے ملک ممتاز حسین نے نوائے وقت کو بتایا کہ حکومت کی ترغیب پر ہم نے بھی ڈھوک اسری تھوہا محرم خان میں لاکھوں روپے کے اخراجات سے ایک بڑا فارم تیا رکرایا ایک سال کی محنت اور یومیہ ہزاروں روپے شترمرغ کی خوراک پر خرچ کر رہے ہیں ،ہمیں کہاگیا تھا کہ ملک میں گوشت کی مانگ پوری کرنے کے لئے شتر مرغ پالیں حکومت اس کے لئے شتر مرغ کے فی بچہ کے حساب سے دس ہزار روپے سب سڈی دے گی ،اب ایک سال ہو گیا ہے شتر مرغ فارموں پر گوشت کے لئے شتر مرغ تیار ہیں لیکن اب تک فارمرز کو سب سڈی نہیں ملی ملک ممتاز حسین نے وزیر اعلی پنجاب او روزیر لائیو اسٹاک سے اپیل کی ہے کہ پنجاب بھر کے شتر مرغ فارمرز کو سب سڈی کی رقم دی جائے۔