تحریک لبیک یا رسول اللہ کے ترجمان پیر اعجاز اشرفی ضمانت پر رہا
لاہور (خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یارسول اللہ کے مرکزی سیکرٹری نشرواشاعت و ترجمان پیرمحمداعجاز اشرفی کو ضمانت پر کوٹ لکھپت جیل سے رہا کر دیا گیا۔ اس موقع پر تحریک لبیک کے کارکنان کی کثیر تعداد استقبال کے لیے موجود تھی جن میں پیر زبیر احمد ، میاں عارف شہباز بٹ ، عدنان اشرفی،احسان علی عارف ایڈووکیٹ ہائیکورٹ و معاونین، قاسم ایاز، طاہر منہاس، زاہد طارق، اسرارالحق مدنی چیمہ، عبدالرحمن سندھو، پیر وقار ہاشمی ایڈووکیٹس ہائیکورٹ ناصر منہاس مرتضی علی شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پیراعجاز اشرفی نے کہا ناموس رسالت کا تحفظ ہمارا ایمان ہے اورجیلیں نظر بندیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں۔ ترجمان نے کہا تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین کو توڑ پھوڑ کے مقدمات میں الجھایا جارہا ہے جبکہ توڑ پھوڑ سے ہمارا کوئی تعلق نہیں۔ لہذا اس سے بڑی ریاستی جبر کی اور کیا دلیل ہو گی۔ پیراعجاز اشرفی نے مطالبہ کیا تحریک لبیک یارسول اللہ کے قائدین علامہ خادم رضوی و پیرافضل قادری ودیگر کو فوری رہا کیا جائے ۔