افغانستان سے امریکی فوج کا انخلاءپاکستان کو بعد کی صورتحال کی منصوبہ بندی کرنی چاہیے : بلاول
واشنگٹن(صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے یہ انتہائی اہم ہے کہ وہ افغان عمل کا حصہ بنے۔ انہوں نے واشنگٹن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے مزید کہا کہ امریکی فوج کے انخلاءکے بعد کی صورت حال کے لیے ہمیں منصوبہ سازی کرنی چاہیے، کسی بھی تنازع کا حل مصالحت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسے مصالحت نہیں کہتے کہ آپ دشمن کو اطمینان دلائیں اور مطالبات مان لیں، مصالحت تب ہوتی ہے جب تمام فریق غلطی کا احساس کریں اور ذمہ داری قبول کریں۔ بلاول بھٹو نے مزید کہا کہ غلطیوں پر نادم ہونے کے بعد سمجھوتے پر پہنچیں تو اسے مصالحت کہتے ہیں، اگر آپ ایک فریق کو مطمئن کریں، مطالبات مانیں، مفاہمت کریں تو یہ پاکستان اور خطے کے لیے تباہ کن ہو گا۔ انہوں نے پاک امریکہ تعلقات اور افغانستان کی صورت حال پر یو ایس انسٹیٹیوٹ آف پیس میں بھی خطاب کیا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے بے شمار قربانیاں دیں، پاکستان کا امن افغانستان سے جڑا ہوا ہے۔
بلاول