پاک بحریہ کے پانچ جہازوں پر مشتمل بحری بیڑہ نسیم البحر سیریز کی مشترکہ مشقوں میں شرکت کے لئے سعودی عرب پہنچ گیا
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق مشترکہ مشقوں میں پاک بحریہ کے ہیلی کاپٹرز اورایئرکرافٹ بھی ان مشترکہ مشقوں میں حصہ لیں گے ۔ بحری مشقیں پاکستان اور سعودی عرب کے مابین ہونے والی نسیم البحر سیریز کی گیارہویں اور سعودی عرب میں منعقد ہونے والی پہلی مشترکہ مشقیں ہیں ۔ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ پہلی مرتبہ مائن وارفئیر کی مشقیں بھی ان مشترکہ مشقوں میں شامل کی گئی ہیں ، سعودی عرب پہنچنے والے پاکستانی بحری بیڑے کی سربراہی کموڈور عدنان احمد کر رہے ہیں ۔ترجمان کے مطابق سعودی عرب کی بندرگاہ الجبیل پہنچنے پر پاک بحریہ کے افسران اور جوانوں کا پرتباک استقبال کیا گیا ،مشق کے پہلے دن کمیونیکیشن بریف اور پاک بحریہ کے جہازوں پر ہاربر فائر ڈیمو کی مشقیں کی گئیں ۔ پاک بحریہ کے جہازوں کے افسران اور عملے کے اعزاز میں سعودی ایسٹرن فلیٹ کمانڈر کی جانب سے عشائیہ بھی دیا گیا ،عشائیے میں سعودی نیول فورس کے کئی سینئر افسران نے بھی شرکت کی۔