پی ایس ایل تھری فائنل میچ کیلئے سکیورٹی پلان تیار
کراچی ( اسپورٹس رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پی ایس ایل سیزن تھری میگا ایونٹ ہے، ہم نے سندھ کی عوام سے گزشتہ برس کیا ہوا وعدہ پورا کیا اور اب ہم سب نے مل کر اس ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے، پرامن اور پرسکون ماحول میںفائنل کا انعقاد یقینی بنایا جائے گا، متعلقہ ادارے اور محکمے آپس میں قریبی رابطہ رکھتے ہوئے فرائض سرانجام دیں، انہوں نے یہ بات اّج وزیراعلیٰ ہاؤس میں پی ایس ایل کی تیاریوں سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کی۔ اجلاس میں وزیر داخلہ سہیل انور سیال، وزیر صحت ڈاکٹر سکندر میندھرو، وزیر بلدیات جام خان شورو، وزیر کھیل سردار محمد بخش مہر، چیف سیکریٹری رضوان میمن، وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری سہیل راجپوت، ڈی جی رینجرز، آئی جی پولیس اے ڈی خواجہ، کمشنر کراچی اعجاز احمد خان، سیکریٹری صحت، سیکریٹری داخلہ، سیکریٹری کھیل، سیکریٹری بلدیات، میئر کراچی محمد وسیم، ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر، ایڈیشنل اّئی جی اسپشل برانچ طاہر آزاد، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس، ڈی آئی جی ایسٹ، ڈی آئی جی ساؤتھ، ڈی سی ایسٹ کرنل عبداللہ، 5 کور کراچی کرنل محمد اعظم خان، ڈائریکٹر سیکیورٹی اینڈ انٹی کرپشن کرنل عثمان، مینجر سیکیورٹی اینڈ انٹی کرپشن لیفٹننٹ کرنل سرور عباسی، ایگزیکیوٹو ڈائریکٹر جے پی ایم سی مسٹر یونس بٹ (رٹائرڈ ایس پی)، سینیئر مینجر سیکیورٹی پی سی بی مسٹر ارشد خان، جنرل مینجر قذافی اسٹڈیم کراچی و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان سپر لیگ میچز کی تیاریوں سے متعلق مربوط اور فول پروف سیکیورٹی پلان کے حوالیسے تمام ممکنہ اقدامات کا جائزہ لیا گیا،جس میں ملک کی تینوں اداروں نے تیاریوں کی نگرانی کیلئے قریبی رابطے برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ نے شہر قائد میں ہونے والے پاکستان سپر لیگ فائنل کی سیکیورٹی سے ملحقہ امور کا جائزہ لیتے ہوئے عالمی معیار کی سیکیورٹی کی یقینی بنانے کے احکامات صادر کیے۔ وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ انتہائی ٹھوس اور مربوط حکمت عملی پر مشتمل سیکیورٹی پلان تیار کیا جائے اور اس سلسلے میں سیکیورٹی کے انتہائی سخت اور بین الاقوامی معیارات کو فوکس کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ برس وعدہ کیا تھا کہ پی ایس ایل فائنل کراچی میں کروائیں گے، جو وعدہ پورا ہونے کو ہے ااب ہم سب نے اس میگا ایونٹ کو کامیاب بنانا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے پی ایس ایل سے متعلق اپنی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی تشکیل دی جوکہ وقتاً فوقتاً اپنا اپنا ورک پلان بھیجی گی۔ چار رکنی کمیٹی میں ایگزیکٹو کمیٹی میں چیف سیکریٹری ، سول کمیٹی میں وزیر بلدیات و میئر کراچی ، انٹلی جنس کمیٹی میں خفیہ اداروں کے حکام اورسیکیورٹی کمیٹی میں پولیس و رینجرز کے حکام شامل ہیں۔ اجلاس میں سیکریٹری داخلہ قاضی شاہد پرویز نے وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ میچ شروع ہونے کے چار گھنٹے قبل شائقین کو پہنچنا ہوتا ہے،اسٹیڈیم میں 40 ہزار سے زائد کا کراؤڈ ہوگا۔ جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے میچ کے خاتمے کے بعد بھی بہترین انتظامات کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ خیال رہے شائقین بے خوف اور محفوظ طریقے سے اسٹیڈیم سے اپنی گاڑیوں تک پہنچنے چاہیں۔ سیکریٹری داخلہ نے بتایا کہ میچ کی نگرانی ہیلی کاپٹر کے ذریعے کی جائے گی اور 11 تاریخ کو صبح 10 بجے کی ریہرسل کے لیے بھی یہی ہیلی کاپٹرز استعمال ہونگیں۔ ریہرسل ایئرپورٹ سے ہوٹل اور اسٹیڈیم تک ہوگی۔ سیکیورٹی کے لیے ہیلی کاپٹر سول ایوی ایشن کے کور کمانڈر کراچی مہیا کررہے ہیں۔ اجلاس کی بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسٹیڈیم اور اسکے اردگرد کا کنٹرول مرکزی و صوبائی سیکیورٹی اداروں کے جوانوں کے علاوہ قومی ہیروز اور کمانڈوز تعینات ہوں گے جبکہ فضائی نگرانی بھی کی جائے گی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ نے پی ایس ایل کی تیاری سے متعلق آئندہ اجلاس 14 فروری کو طلب کرلیا ہے۔