پپلز پارٹی عام انتخابات میں ملک بھر سے کامیابی حاصل کریگی، فاٹا ہماری ترجیح ہے: زرداری
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)سابق صدر اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرین کے صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانا پیپلزپارٹی کا مشن ہے پیپلزپارٹی مستقبل کا سوچتی ہے۔ چاہتے ہیں کہ وہاں بجلی پیدا ہو تاکہ وہاں صنعتیں لگیں لوگوں کو روزگار ملے۔جمعہ کے روز زرداری ہاوس میں مسلم لیگ ن باجوڑ کے رہنما نوابزادہ انیس خان کی قیادت میں ایک وفد نے آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا اس موقع پر پیپلزپارٹی فاٹا کے صدر اخوند زادہ چٹان، قمر زمان کائرہ، فیصل کریم کنڈی اور سینیٹر سردار علی خان بھی موجود تھے۔ آصف علی زرداری نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہیں پیپلزپارٹی میں شمولیت پر مبارک باد دی۔ آصف علی زرداری نے کہا کہ انشاء اللہ وفاق اور چاروں صوبوں میں انتخابات جیتیں گے اور حکومت بنائیں گے فاٹا ہماری ترجیح ہے وہاں بجلی پیدا کریں گے، صنعتیں لگائیں گے۔ سکول کالج یونیورسیٹی اور ہسپتال بنائیں گے تاکہ وہاں ترقی ہو روزگار کے مواقع میسر ہوں۔ اس موقع پر نوابزادہ انیس خان نے کہا کہ ہم غلط راستے پر تھے آج ہم درست راستے پر آئے ہیں۔ دریں اثنا فیصل کریم کنڈی سے گفتگو کرتے ہوئے زرداری نے کہا کہ جب کوئی دہشتگردی کا شکار ہوتا ہے تو اس کا درد پیپلز پارٹی کو ہوتا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی نے دہشتگردی کا سامنا بھی کیا ہے اور مزاحمت بھی کی ہے۔ فیصل کریم کنڈی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت اس ٹارگٹ کلنگ پر خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔ آج تک کسی ٹارگٹ کلر کو گرفتار نہیں کیا گیا اور نہ شہید ہونے والوں کے ورثا کو معاوضہ دیا گیا۔ اس موقع پر آصف زرداری نے کہا کہ صوبائی حکومت کو چاہیے تھا کہ وہ قاتلوں کو گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لاتی۔ پی ٹی آئی کی حکومت نے اپنی ذمہ داری پوری نہیں کی۔ سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین رحمان ملک نے سابق صدر مملکت کو بتایا کہ انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہونے والے واقعات کا ازخود نوٹس لے کر آئی جی پولیس کے پی کے اور ہوم سیکرٹری سے رپورٹ طلب کی ہے۔