خطے میں پائیدار امن کیلئے باہمی تعاون ضروری ہے، پاکستان اور ایران میں اتفاق
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے چیئرمین یورپی یونین ملٹری کمیٹی جنرل میخائل کاستراکوس نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مشترکہ چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ناصر جنجوعہ نے کہا کہ یورپی یونین سے مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کے خواہاں ہیں، یورپی یونین خطے کی نازک صورتحال سے دنیا کو آگاہ کرے، جنرل میخائل نے دنیا بالخصوص خطے میں امن و سلامتی کیلئے پاکستان کے عزم کو سراہتے کہا کہ دہشت گردی، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے پاک فوج کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔ پاکستان یورپی یونین کے فورم کے ذریعے عالمی برادری سے مکالمہ کرے۔ ملاقات میں اتفاق کیا گیا کہ اقتصادی تعاون کے ذریعے ایک دوسرے کے مزید قریب آ سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ سے ایران کے سفیر مہدی ہنردوست نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مستقبل میں تعاون کے پہلوﺅں پر بات چیت کی گئی۔
ناصر جنجوعہ