؛کاشتکاروں کو گنے کی سرکاری قیمت ادا نہ کرنے کیخلاف جماعت اسلامی کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ نے جماعت اسلامی پنجاب کے امیر میاں مقصود احمد کی طرف سے کسانوں کو گنے کی سرکاری قیمت 180 روپے فی من ادا نہ کرنے کے خلاف دائر درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ جماعت اسلامی کی طرف سے دائر کردہ رٹ میں عدالت عالیہ سے درخواست کی گئی ہے کہ کسانوں کو حکومت پنجاب ریلیف دے اور سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پورے صوبے میں گنے کو 180روپے فی من کے حساب سے خریدا جائے۔ لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی کی عدالت میں وکلاءپیش ہوئے اور عدالت عالیہ کو بتایا کہ شوگر ملزمالکان تمام کسانوں کو گنے کی سی پی آر نہیں دے رہے۔ عدالت عالیہ نے شوگر کین کمشنر ثناءاللہ سمیت فریقین کا موقف سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعد ازاں امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عدالت عالیہ کسانوں کو ان کا حق دلائے گی۔
میاں مقصود/ درخواست