بختاور کے قانونی نوٹس پر عابدہ حسین کی بینظیر بھٹو پر کتاب کی تقریب رونمائی منسوخ
کراچی(نوائے وقت رپورٹ‘بی بی سی ) کراچی میں جمعے سے شروع ہونے والے لٹریچر فیسٹیول کے منتظمین نے پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بیٹی بختاور بھٹو کی جانب سے قانونی نوٹس بھیجے جانے کے بعد سابق سفیر اور سیاستدان عابدہ حسین کی کتاب کی تقریبِ رونمائی منسوخ کر دی ہے۔عابدہ حسین کی نئی کتاب” سپیشل سٹار: بینظیر بھٹو “میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم کی زندگی کے مختلف پہلوﺅں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ تاہم بختاور بھٹو زرداری نے جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں عابدہ حسین کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا کہ ”میری ماں کی موت کے دس سال بعد ان سے متعلق بالکل جھوٹ لکھا گیا ہے جب وہ اپنا دفاع نہیں کر سکتیں، ہم یہ برداشت نہیں کریں گے“۔ بختاور بھٹو کی جانب سے کتاب کی مصنفہ عابدہ حسین، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی منیجنگ ڈائریکٹر اور کے ایل ایف کی بانی امینہ سید اور سلمی عادل کو قانونی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔
رونمائی منسوخ