؛پنجاب حکومت نے یاد دہانیوں کے باوجود ریکارڈ فراہم نہیں کیا: نیب
اسلام آباد ( نامہ نگار) قومی احتساب بیورو(نےب) نے پنجاب حکومت کی تردید کویکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت کاتردیدی بیان بے بنیا دہے کیونکہ نیب نے 56پبلک لمیٹیڈ کمپنیوں کا ریکارڈ حاصل کرنے کےلئے تمام چینلز استعمال کئے اس کے باوجود ابھی تک ریکارڈ فراہم نہیں کیاگیا۔ترجمان نیب کے بیان کےمطابق نیب لاہور نے صوبائی حکومت کو چار خطوط لکھے اور متعدد بار زبانی یاد دہانی بھی کرائی گئی ، ترجمان کے مطابق نیب کوریکارڈ کی فراہمی میں رکاوٹ انکوائری کی راہ میں رخنہ ڈالنے کے مترادف ہے اور یہ اقدام قانون کی بھی خلاف ورزی ہے ۔یاد رہے کہ پنجاب حکومت کے ترجمان نے چیئرمین نیب کے اس بیان کی سختی سے تردید کی تھی کہ حکومت پنجاب کے بعض ادارے نیب سے تعاون نہیں کر رہے ہیں۔
نیب / پنجاب