بختاور کا قانونی نوٹس، بینظیر پر کتاب کی تقریب رونمائی منسوخ، پیپلز پارٹی کا اعتراض سمجھنے سے قاصر ہوں: عابدہ حسین
کراچی(نوائے وقت رپورٹ+بی بی سی ) کراچی میں جمعے سے شروع ہونے والے لٹریچر فیسٹیول کے منتظمین نے پاکستان کی سابق وزیراعظم بینظیر بھٹو کی بیٹی بختاور بھٹو کی جانب سے قانونی نوٹس بھیجے جانے کے بعد سابق سفیر اور سیاستدان عابدہ حسین کی کتاب کی تقریبِ رونمائی منسوخ کر دی ہے۔عابدہ حسین کی نئی کتاب’’ سپیشل سٹار: بینظیر بھٹو ‘‘میں پاکستان کی پہلی خاتون وزیراعظم کی زندگی کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی گئی ہے۔ تاہم بختاور بھٹو زرداری نے جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنے پیغامات میں عابدہ حسین کو تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور کہا کہ ’’میری ماں کی موت کے دس سال بعد ان سے متعلق بالکل جھوٹ لکھا گیا ہے جب وہ اپنا دفاع نہیں کر سکتیں، ہم یہ برداشت نہیں کریں گے‘‘۔ بختاور بھٹو کی جانب سے کتاب کی مصنفہ عابدہ حسین، آکسفورڈ یونیورسٹی پریس کی منیجنگ ڈائریکٹر اور کے ایل ایف کی بانی امینہ سید اور سلمی عادل کو قانونی نوٹس بھیجے گئے ہیں۔اس قانونی نوٹس میں انہوں نے عابدہ حسین پر یہ الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے بینظیر سے اپنی جھوٹی وابستگی ظاہر کر کے ان کے بارے میں غلط تاثر دینے کی اور پاکستان پیپلز پارٹی کو بدنام کرنے کی کوشش کی ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بیگم عابدہ حسین نے کہا ہے کہ اپنی کتاب میں بے نظیر بھٹو کی تعریف کی تھی، سمجھنے سے قاصر ہوں کہ میری کتاب پر پی پی کو اعتراض کیوں؟ میری کتاب میں بے نظیر بھٹو سے متعلق کوئی قابل اعتراض بات نہیں تھی۔