ایئرچیف سہیل امان کوکنگ عبدالعزیز میڈل سے نوازا گیا
اسلام آباد( نوائے وقت رپورٹ) پاک فضائیہ کے سربراہ ائیرچیف مارشل سہیل امان کو ریاض سعودی عرب میں کنگ عبدالعزیز میڈل آف ایکسیلینس ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان، چیف آف جنرل سٹاف رائل سعودی آرمڈ فورسز نے سعودی حکومت کی طرف سے پاک فضائیہ کے سربراہ کو یہ ایوارڈعطا کیا۔ یہ ایوارڈ پا ک فضائیہ کی جانب سے رائل سعودی فضائیہ کو مختلف شعبہ جات میں بھرپور تعاون فراہم کرنے اور بالخصوص ائیرچیف مارشل سہیل امان کی دونوں فضائی افواج کے درمیان دوستانہ تعلقات کے فروغ میں دی جانے والی شاندار خدمات کے اعتراف میں عطا کیاگیا ہے۔قبل ازیں ائیر چیف نے جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان، چیف آف جنرل سٹاف رائل سعودی آرمڈ فورسز سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ ائیر چیف نے پاکستان میں انسداد دہشت گردی آپریشنز میں پاک فضائیہ کے کلیدی کردار پر روشنی ڈالی۔انہوں نے سعودی عرب کے ساتھ ایوی ایشن کے میدان میں موجود تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا اعادہ کیا۔ جنرل عبدالرحمان بن صالح البنیان نے دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعلقات کے فروغ میں ائیر چیف کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے آپریشن ضرب عضب میں پاک فضائیہ کے کردار کی تعریف کی اور اسے دنیا کی دوسری فضائی افواج کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔بعد ازاں پاک فضائیہ کے سربراہ نے رائل سعودی ائیر آپریشنز سنٹر ریاض میں میجر جنرل محمد بن صالح العطیبی سے ملاقات کی۔ ائیر چیف نے دونوں برادر ممالک کے درمیان موجود دفاعی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایئر چیف میڈل