بجلی گھروں میں ایل این جی کا استعمال ,فرنس آئل کی درآمد 66فیصد گھٹ گئی
کراچی(اسٹاف رپورٹر)حکومت کی جانب سے بجلی گھروں کو پیداوار کیلئے ترجیحی بنیادوں پر ایل این جی کے استعمال کے احکامات کے بعد گزشتہ ماہ جنوری میں فرنس آئل کی در آمد 66فیصد کمی سے محض 58 ہزار500ٹن کی سطح پر رہی اور صرف وہی فرنس آئل در آمد کیا گیا جس کی خریداری کا معاہدہ کیا جاچکا تھا کیونکہ حکومت نے پی ایس او کو فرنس آئل کی در آمد بند کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔آئل انڈسٹری ذرائع کے مطابق دسمبر 2017میں فرنس آئل کی در آمد ایک لاکھ 70 ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ جنوری میں اس کی در آمد میں66فیصد کی نمایاں کمی ہوئی ،وفاقی حکومت نے بجلی کی پیداوار کیلئے محض ایل این جی پر انحصار کرنے کی پالیسی اپنائی ہوئی ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر در آمد کے بجائے مقامی طور پر تیار کردہ فرنس آئل کے استعمال کو ترجیح دی جائیگی،جنوری میں پٹرول کی در آمد14فیصد اضافے سے 4لاکھ67ہزار ٹن کے لگ بھگ رہی جبکہ دسمبر میں پٹرول کی در آمد4لاکھ8ہزار ٹن سے زائد ریکارڈ کی گئی تھی ،طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن جیٹ فیول کی در آمد گزشتہ ماہ 33فیصد اضافے سے 42ہزار593ٹن رہی۔