امریکی فرنیچر انڈسٹری میں پاکستان کے ہاتھ سے بنے فرنیچر میں گہری دلچسپی
لاہور (آئی این پی)امریکی فرنیچر انڈسٹری کے وفد نے پاکستان کے تیار کردہ ہاتھ سے بنے ورلڈ کلاس شاندار روایتی فرنیچر میں گہری دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ جمعہ کو پاکستان کے دورہ پر آئے ہوئے امریکی وفد کو بریفنگ دیتے ہوئے پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ پاک امریکہ فرنیچر تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری میں اضافے کی بڑی گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کو فرنیچر کی برآمدات کے حجم کو بڑھانے کے بہت سے مواقع موجود ہیں کیونکہ امریکہ اور یورپی مارکیٹوں میں فرنیچر اور لکڑی کی مصنوعات خصوصاً گھریلو صارفین کی مانگ میں اضافہ ہوا ہے اور صرف امریکہ میں مینوفیکچررز کی سطح پر فرنیچر کی طلب 2021 میں 59 بلین ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔ اس شعبے میں بڑی تعداد میں ماہر کارکنوں کی ضرورت ہے اور ہم بڑھتی ہوئی عالمی طلب کو پورا کرنے کے لئے خصوصی کوششیں کر رہے ہیں۔