لاہور (معین اظہر سے) بھارت نے پاکستان کو معاشی طور پر نقصان پہنچانے کے لئے یورپی یونین کی طر ف سے ملنے والی تجارتی مراعات کو ڈبلیو ٹی او میں چیلنج کر دیا ہے جس پر عمل درآمد روک دیا گیا ہے۔ یورپی یونین نے گذشتہ سال دہشت گردی کیخلاف جنگ میں ہونے والے نقصان کے ازالہ کے لئے پاکستان کو تین سال کے لئے تجارتی مراعات دینے کا اعلان کیا تھا جس کے تحت پاکستان کی متعدد مصنوعات پر ڈیوٹی ختم کر دی گئی تھی اور ان مصنوعات کو یورپین مارکیٹ میں ڈیوٹی فری بھجوانے کی اجازت دی گئی تھی اس پر رواں سال کے شروع سے عمل درآمد ہونا تھا لیکن بھارت نے اس پر عمل درآمد رکوا دیا جبکہ بھار ت نے ایک ملین کاٹن بیلز کے پاکستانی تاجروں کے ساتھ معاہدے بھی منسوخ کر دئیے ہیں جس سے پاکستان کی ٹیکسٹائل ایکسپورٹ میں کمی ہو سکتی ہے کیونکہ امریکہ، برازیل دیگر ممالک سے کاٹن بیلز منگوانے میں کم از کم 45 سے 60 دن لگتے ہیں جبکہ بھارت سے ایک دن میں منگوائی جا سکتی ہیں۔ بھارت میں اس سال 5.5 ملین ٹن بیلز اضافی تھیں جن کو فروری تک ایکسپورٹ کرنے کا ٹارگٹ تھا۔ تفصیلات کے مطابق دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کو اربوں ڈالر نقصانات کے ازالہ کے لئے حکومت پاکستان کی بھرپور کوششوں کے بعد یورپی یونین نے پاکستان کو ٹریڈ مراعات دینے کی منظوری دی تھی لیکن بھارت نے پاکستان دشمنی کا روایتی مظاہرہ کر تے ہوئے ڈبلیو ٹی او میں اعتراضات لگا کر اس پر عمل درآمد کو رکوا دیا اب وہاں فیصلے میں ایک سے ڈیرھ سال لگ سکتا ہے جس کی وجہ سے عارضی طور پر دو ماہ کے لئے عمل درآمد رکوایا گیا ہے۔ تین سال کے اس ٹریڈ مراعات پر اگر ڈیرھ سال تک عمل درآمد رکا رہا تو پاکستان میں ایکسپورٹ میں اضافے کے ذریعے معاشی حالات کو بہتر کرنے کا منصوبہ ناکام ہو جائے گا۔بھارت کے آرڈر کینسل کرنے اور کاٹن کی ایکسپورٹ پر پابندی کے بعد پاکستانی تاجروں نے انٹرنیشنل کاٹن ایسوسی ایشن میں اپنے کیس بجھوائے تھے جس پر انٹرنیشنل کاٹن ایسویسی ایشن نے ان پابندیوں کو غیر قانونی قرار دے دیا تھا جس پر بھارت نے انٹرنیشنل کاٹن ایسو سی ایشن کے رولز کو ماننے سے انکار کر دیا اور کہا کہ ان کے اپنے رولز ہیں وہ ان پر عمل درآمد کر یں گے ۔ یہ معاہدے بھارت نے پاکستان کے کاٹن امپورٹر کے ساتھ 90 سینٹ پر کئے تھے اور اب انہوں نے اس پر 1.5 پونڈ تک کے معاہدے کرنے شروع کر دئیے ہیں جو بین الاقوامی تجارتی قوانین کی سراسر خلاف ورزی ہے۔ اس حوالے سے اپٹما کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت نے سستی کاٹن کو اپنے فائدے کے لئے مہنگا کر دیا ہے۔
بانی تحریکِ انصاف کو "جیل کی حقیقت" سمجھانے کی کوشش۔
Apr 19, 2024