ناموس رسالت قانون میں ترمیم نہ کرنے کا مسودہ وقت نیوز کو مل گیا، تحریک تحفظ ناموس رسالت کی قیادت کل جمعہ کو احتجاج کے خاتمے کا اعلان کرے گی۔
وزارت اقلیتی امور کی سفارشات اور شیری رحمٰن کے بل میں اٹھائے گئے اعتراضات کے جواب میں وزارت قانون کا تیار کردہ مسودہ وزیر اعظم نے منظور کرلیا ہے ، وقت نیوز کو موصول ہونے والے مسودے میں کہا گیا ہے کہ یہ قانون قرآن و سنت کے مطابق ہے ، اس لیے اس میں ترمیم نہیں کی جاسکتی ۔ مسودے کے مطابق شیری رحمٰن کا بل وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے سے متصادم ہے جبکہ وزارت اقلیتی امور کی سفارشات میں بھی کوئی وزن نہیں ، اس لیے انہیں مسترد کیا جاتا ہے۔ مسودے میں تمام حکومتی عہدیداران کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ اس حساس ایشو پر بات کرنے سے پہلے وزارت قانون سے اس کی قانونی حیثیت معلوم کریں۔ مسودے میں یہ بھی واضح کیا گیا ہےکہ آسیہ مسیح کے معاملے میں انتظامی مداخلت نہیں کی جائے گی، اس ڈرافٹ میں سپریم کورٹ اور وفاقی شرعی عدالت کے متعدد فیصلوں ،مسلم اور غیر مسلم ممالک میں انبیاء سے متعلق قوانین کے علاوہ قرآن و حدیث کے حوالے بھی دیے گئے ہیں ۔ اس مسودے کی منظوری کے بعد تحریک تحفظ ناموس رسالت کے رہنماؤں نے احتجاجی تحریک کے خاتمے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسلام آباد میں ہونے والے اجلاس میں رہنماؤں نے فیصلہ کیا کہ کل لاہور میں تحریک کے خاتمے کا باقاعدہ اعلان کیا جائے گا اور آئندہ جمعہ بطور یوم تشکر منایا جائے گا۔