نئی کابینہ کی تشکیل کے لیے مشاورت مکمل ، پندرہ وزرا حلف اٹھائیں گے، رحمٰن ملک ، بابراعوان اور حفیظ شیخ شامل
ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرآصف علی زرداری نماز جمعے کے بعد نئی کابینہ کے پہلے پندرہ وزراء سے حلف لیں گے، نئی کابینہ میں پنجاب سے پانچ، سندھ سے چار، خیبرپختونخوا سے تین، بلوچستان سے دو اورفاٹا سے ایک وزیرشامل ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بابراعوان، شاہ محمود قریشی، عبدالحفیظ شیخ، خورشیدشاہ، نویدقمر، رحمان ملک اور شوکت اللہ نئی کابینہ کا حصہ ہوں گے جبکہ مخدوم امین فہیم کابینہ کی تشکیل میں مشاورت نہ کئے جانے پر ناراض ہو کر بیرون ملک چلے گئے ہیں اور وزیراعظم ہاؤس کے رابطے کے باوجود امین فہیم کی یوسف رضا گیلانی سے بات چیت نہیں ہوسکی۔ اس سے پہلے صدرآصف علی زرداری اوروزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کے درمیان ایوان صدرمیں اہم ملاقات ہوئی جس میں کابینہ کی تشکیل اوردیگراہم قومی امورپربات چیت کی گئی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال اور معاشی امورپر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاست دانوں سے رابطوں اورگول میز کانفرنس سے متعلق اب تک کی پیش رفت سے بھی ایک دوسرے کو آگاہ کیا۔ اس موقع پرمسلم لیگ نون کی جانب سے دیا گیا دس نکاتی ایجنڈا بھی زیر بحث آیا۔