لاہور ہائیکورٹ نے این آئی سی ایل فراڈ کیس کے مرکزی ملزم حبیب اللہ وڑائچ اور حُرگردیزی سمیت چھ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔
سماعت کے دوران ایف آئی اے کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ ملزمان سے ایک ارب اڑسٹھ کروڑ روپے برآمد کیے جاچکے ہیں اور مزید ریکوری سمیت اہم دستاویزات حاصل کرنا ابھی باقی ہے لہذا ملزمان کی ضمانتیں منظور نہ کی جائیں۔ دوسری جانب ملزمان کے وکیل کا کہنا تھا کہ تمام رقم ادا کردی گئی ہے لہذا درخواست ضمانت منظور کی جائے۔ دلائل سننے کے بعد فیصلہ سناتے ہوئے لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس منظور اے ملک نے بیس ، بیس لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض حبیب اللہ وڑائچ سمیت چھ ملزمان کی درخواست ضمانت منظور کرلی۔ ملزمان میں حبیب اللہ وڑائچ، حر گردیزی، اطہر علی نقوی، نوید حسن، محمد ظہور اور زاہد حسین شامل ہیں۔