15دسمبر تک موٹروے پر 600 سی سی موٹر بائیکس چلانے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا حکم
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے 15 دسمبر تک موٹروے پر 600 سی سی موٹر بائیکس چلانے کے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کا حکم دیا ہے۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے عدالتی فیصلے پرعمل درآمد سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران پولیس کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ نظر آئے کہ موٹروے پر بائیکرز کو اجازت دے دی گئی ہے ، آئندہ اتوار تک عدالتی حکم پر عمل نہ ہوا تو آئی جی موٹروے کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کروں گا ، آپ سمیت آئی جی موٹروے کوسزا دے کر گھر بھیج دوں گا۔ جسٹس محسن اختر کیانی نے کہا کہ عدالت نے موٹروے پر بائیکس چلانے کی اجازت کا جو حکم دیا اس پر مکمل عمل کریں۔ فاضل جسٹس نے موٹروے پولیس کے نمائندہ سے کہا کہ اگر یونیفارم کے لوگ بھی عدالتی حکم نہیں مانیں گے تویہ ٹھیک نہیں ہے ،عدالت نے موٹروے پولیس کے نمائندہ کو ہدایت کی کہ 15دسمبرتک عدالتی فیصلہ پرمکمل عمل درآمد کیا جائے۔ واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے 19 اپریل کو موٹرے پر 600 سی سی موٹر بائیکس چلانے کے حق میں فیصلہ سنایا تھا۔