صوبوں نے ترقیاتی کام کرنے کی بجائے 2 کھرب 2 ارب روپے وفاق کو واپس کردیے
اسلام آباد(آن لائن) رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں چاروں صوبوں نے مل کر2 کھرب 2 ارب روپے کی رقم وفاق کو فراہم کی ہے تاکہ عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے ساتھ مقرر کیے گئے مالیاتی اہداف پورے کیے جاسکیں۔ رپورٹ کے مطابق اس کا مطلب ہے کہ صوبوں نے وفاق کی جانب سے تقسیم کیے جانے والے فنڈز میں سے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے ایک چوتھائی (25 فیصد) سے زائد رقم استعمال نہیں کی۔اس طرح صوبوں نے مالی سال 20-2019 کی پہلی سہ ماہی(جولائی سے ستمبر) میں وفاق کو واپس کیے جانے والے فنڈز کے حوالے سے غیر معمولی کارکردگی دکھاتے ہوئے 2 کھرب 2 ارب روپے واپس کردیے جو سالانہ ہدف 4 کھرب 23 ارب روپے کا 48 فیصد ہے۔وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق پہلی سہ ماہی میں صوبوں کی مجموعی آمدن 7 کھرب 91 ارب روپے تھی، جس میں فیڈرل ریونیو کی مد میں ان کا مشترکہ حصہ 6 کھرب 12 ارب 50 کروڑ روپے ہے جبکہ صوبائی ٹیکسز 1 کھرب 4 ارب 50 کروڑ روپے ہیں۔اس کے برخلاف صوبوں نے صرف 5 کھرب 89 ارب روپے خرچ کیے جبکہ 2 کھرب 2 ارب وفاق کو دیے گئے لیکن صوبائی حکومتوں نے اپنے ترقیاتی کاموں پر صرف 70 ارب روپے خرچ کیے۔