پٹرول پمپ پر لوٹ مار کرنیوالا ڈاکو شہریوں نے پکڑ لیا، درگت کے بعد پولیس کے حوالے
کراچی (خبر نگار) کراچی کے علاقے یسین آباد میں پٹرول پمپ پر لوٹ مار کرنے والا ڈاکو شہریوں نے پکڑ لیا اور ڈاکو کی خوب درگت بنائی، بعد ازاں پولیس کے حوالے کردیا۔ دوسری جانب تھانہ ماڈل کالونی کی حدود سے گھرکے باہر کھڑی 125 موٹرسائیکل نامعلوم ملزم لے اڑا۔ تاہم واردات کی سی سی ٹی منظر عام پر آ گئی۔رات گئے کراچی کے علاقے جوہر آباد تھانے کی حدود یاسین آباد میں موٹرسائیکل پر سوار 2 ڈاکوئوں کی پیٹرول پمپ پر لوٹ مار کے دوران ایک ڈاکو شہریوں کے ہتھے چڑھ گیا جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ پٹرول پمپ پر موجود شہریوں نے ڈاکو کی خوب پٹائی کی اور پولیس کے حوالے کر دیا۔ مسلح ڈاکو پیٹرول پمپ پر کارسوار شہریوں سے لوٹ مار کر رہے تھے، پولیس نے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کر لیا جبکہ ملزم کے ساتھی کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ادھر کراچی پولیس موٹرسائیکل لفٹرز کو لگام نہ دے سکی، دن دیہاڑے گھر کے باہر سے شہری اپنی بائیک سے محروم ہو گیا۔