عجائب گھر میں 5لاکھ سال پرانے نودرات، طلبہ کیلئے فری ٹورز یقینی : ڈائریکٹر
لاہور (سیف اللہ سپرا) لاہور عجائب گھر میں پانچ لاکھ سال پرانی تاریخی نوادرات موجود ہیں جنہیں محفوظ بنانے کے لیے ہرممکن اقدامات کررہے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر سے بڑی تعداد میں سیاح ان تاریخی نودرات کو دیکھنے کے لیے آتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار لاہور عجائب گھر کے ڈائریکٹر طارق محمود جاوید نے نوائے وقت سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنا اولین ترجیح ہے۔ اس سلسلے میں تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہے۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کے گروپس کے لیے فری گائیڈڈ ٹور یقینی بنا دیا گیا ہے اور تعلقات عامہ کے افسران بھرپور انداز میں نوجوان نسل کو میوزیم میں موجود تاریخی ورثے سے روشناس کروانے میں مصروف عمل ہیں ۔ ڈائریکٹر نے کہا کہ میوزیم کے اوقات کار شام 7 بجے تک کرنے کا فیصلہ سیاحوں کی دیرینہ خواہش کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے۔ طارق محمود جاوید نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لاہور میوزیم کی سیکورٹی فول پروف بنا دی گئی ہے۔ 24 گھنٹے کیمروں ، سنسرز سے سیکورٹی کے علاوہ اسلحہ سے لیس جوان بھی سکیورٹی کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ خواتین سیاحوں کے لئے خواتین سکیورٹی سٹاف ہر وقت موجود رہتا ہے ۔ طارق محمود جاوید نے بتایا کہ میوزیم انتظامیہ نے بابا گورونانک کے 550 ویں جنم دن کے موقع پر انتہائی شاندار نمائش کا اہتمام کیا۔ لاہور عجائب گھر کی ایک گیلری کو سکھ گیلری سے منسوب کر دیا گیا ہے۔ جہاں راجہ رنجیت سنگھ کے حوالے سے رکھے گئے نوادرات سیاحوں کی خصوصی دلچسپی کا باعث بن رہے ہیں۔ ڈائریکٹر نے بتایا میوزیم کی پبلسٹی کے لئے فیس بک، ٹوئٹر، یوٹیوب اور انسٹاگرام کا اہتمام بھی کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میوزیم کی سرگرمیوں کے حوالے سے ماہانہ نیوز لیٹر کا دوبارہ اجراء بھی کر دیا گیا ہے۔