جیل روڈ پر ویل الگ، ٹرک الٹ گیا‘ جوہر ٹاؤن‘ کار نہر میں جا گری
لاہور (نامہ نگار + این این آئی) جوہر ٹاؤن میں کینال روڈ پر تیز رفتار کار نہر میں جا گری جبکہ جیل روڈ انڈر پاس سے پہلے اینٹوں کا ٹرک الٹنے سے ٹریفک کا نظام شدید متاثر ہوا۔ تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن میں کینال روڈ پر ڈاکٹرز ہسپتال کے قریب کار بے قابو ہو کر نہر میں جا گری جبکہ ڈرائیور محفوظ رہا۔ یوٹرن لیتے ہوئے کار بے قابو ہو کر نہر میں جا گری۔ جس سے کار کوکافی نقصان پہنچا جبکہ ڈرائیور محفوظ رہا۔ ٹریفک پولیس نے کرین کی مدد سے گاڑی کو نہر سے باہر نکال لیا ہے۔ این این آئی کے مطابق جیل روڈ انڈر پاس سے پہلے اینٹوں سے لوڈ ٹرک پچھلے ویل الگ ہونے سے الٹ گیا جس سے ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہوئی۔ تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ متاثرہ ٹرک کو کرین کی مدد سے سڑک سے ہٹا دیا گیا جبکہ پولیس نے قانونی کارروائی کا آغازکر دیا ہے۔