مری: ملکہ کوہسار مری میں رواں سیزن کی پہلی برف باری کے بعد سیاحوں کو بہتر ٹریفک سہولیات دینے کے لیے ٹریفک پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) محمد بن اشرف نے ٹریفک پولیس کو خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے سیاحوں کو ٹریفک سہولیات کے ساتھ ساتھ مدد اور معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایات کی ہیں۔
سی ٹی او مری نے سیاحوں کے لیے ٹریفک ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے بتایا کہ سیاح صرف پٹرول گاڑی پر ہی مری آئیں اور ٹو چین اپنے پاس ضرور رکھیں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے سیاحوں کو ہدایات کی گئی ہیں کہ روڈ کے کنارے گاڑی کھڑی کر کے سیلفیاں نہ بنائیں تاکہ ٹریفک کی روانہ متاثر نہ ہو۔
شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ گاڑی کی بیٹری اچھی حالت میں رکھیں تاکہ شدید سردی میں بھی گاڑی بآسانی اسٹارٹ ہو جائے۔ پٹرول کا ٹینک فل رکھیں اور غلط پارکنگ کسی صورت نہ کریں۔
ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سیاح کسی بھی قسم کی معاونت، مدد اور رہنمائی کے لیے ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 0519269200 پر رابطہ کریں اور اپنے سفر کو خوشگوار بنانے کے لئے ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کریں۔
سیاحتی مقام کالام میں رات گئے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک 6 انچ سے زیادہ برف پڑچکی ہے۔ برفباری کے باعث وادی نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔
چترال اور گرد و نواح میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری اور استور میں گزشتہ رات سے وقفے وقفے سے برفباری جاری ہے جس کی وجہ سے بالائی علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا جب کہ دیر بالا کے میدانی علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔
کشمیر کے شمالی وسطی اور جنوبی اضلاع میں ہلکی بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، وادی گریز، بالائی وادی نیلم، وادی شونٹھر، وادی جاگراں، وادی سرگن، وادی لیپہ، سدھن گلی، خورشید آباد، راولا کوٹ اور پونچھ کے پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
کشمیر کی وادی جہلم، ہٹیاں بالا، چکار، چکوٹھی، گڑھی دوپٹہ، باغ، حویلی ہجیرہ میں بارش کے بعد موسم سہانا ہوگیا۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات بارش کے بعد موسم سہانا ہوگیا جب کہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود رہنے، مزید بارش اور بوندا باندی کا بھی امکان ظاہر کیا ہے۔