میڈیا مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے کیلئے اپنا کردار ادا کرے‘ وزیراعظم آزاد کشمیر
اسلام آباد( نیوزرپورٹر) وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے کہا ہے کہ پاکستان کا میڈیا مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے، اس مسئلہ کو صرف کشمیر بیٹ تک محدو د نہ رکھا جائے لوکل اخبارات بھی مسئلہ کشمیر کو اہمیت دیں ،پاکستان 56 اسلامی ممالک میںہمارا وکیل ہے۔ عمران خان میرے وزیراعظم لیکن لیڈر نوازشریف ہیں۔سلطان سکندر کی سادگی ، صاف گوئی ،رواداری اور انسانی دوستی نے بڑا متاثر کیا۔لیڈر سے لے کر کارکن تک ہر ایک کے دکھ درد میں شریک ہوتے۔ سچے اور کھرے عاشق رسول ہیں ۔ قلم کی حرمت کا پاس ہمیشہ رکھا نہ کبھی جھکے اور نہ بکے ۔یہ نہ صرف سلطان صحافت بلکہ سلطان العارفین بھی ہیں۔ صحافی سلطان سکندر کی تقریب پذیرائی سے خطاب کرتے ہوئے راجہ فاروق حیدر نے کہا ہمارے بڑے مسائل ہیں لیکن پاکستان کا میڈیا ہمیں مناسب کوریج نہیں (صفحہ 5بقیہ 1)
دیتا ۔ انہوں نے کہا پاکستان جمہوریت کی بنا پر بنا اور اس کی بقاء بھی جمہوریت میں ہے۔ انہوں نے کہا پاکستان اسی وقت ترقی کر سکتا ہے جب تمام ادارے اپنا اپنا کام کریں اور کسی کو یہ کہنے کی ضرورت نہ پڑھے کہ تمام ادارے ایک پیج پر ہیں۔ ہمیں ماضی پر کڑھنے اور دوسروں پر تنقید کی بجائے مستقبل کو مد نظر رکھنا ہوگا۔ریذیڈنٹ ایڈیٹر ’’نوائے وقت ‘‘ جاوید صدیق نے کہا کہ سلطان سکندر کشمیر کے انسائیکلوپیڈیا ہیں ۔ان سے میرا تعلق35 سال پرانا ہے ۔2008 ء میں ان کو تکنیکی طور پر ریٹائر کر دیا گیا تھالیکن میں نے مجید نظامی سے درخواست کر کے ان کو دوبارہ لیا تھا کیونکہ ہم ان کے بغیر نہیں چل سکتے تھے۔ انہوںنے کہا یہ اب بھی ہمارے ساتھ ہیں اور ہم ان کو نوائے وقت کا حصہ سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا سلطان سکندر نے کشمیر کی بیٹ کے حوالے سے مجھے کبھی مایوس نہ کیا اور نہ کبھی ان کی کوئی مسنگ سامنے آئی۔ ان کا کشمیر کے لیڈروں اور سیاسی کارکنوں سے سماجی تعلق ہمیشہ بڑا مضبوط رہا۔۔ چیف رپورٹر ’’نوائے وقت‘‘ حاجی نوازرضا نے کہا۔ سلطان سکندر کشمیر کے حوالے سے ایک اتھارٹی تھے۔ سلطان سکندر نے اپنے خطاب میں کہا میں اس محبت کے قابل نہیں جو دوستوں نے مجھے آج دی ہے ۔ اپنے پورے صحافتی کیرئیر کے دوران خبر ہمیشہ میری اولین ترجیح رہی خطرناک علاقوں میں بھی رپورٹنگ کو چیلنج سمجھ کر کیا۔ انہوں نے کہا میں دوستوں کی یادگار محبتیں سمیٹ کر جارہا ہوں اور یہی میرا سرمایہ ہے۔ آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے جنرل سیکرٹری ٹکا خان نے کہا کہ سلطان سکندر جتنا بڑا صحافی اتنا بڑا انسان بھی ہے۔ انسانیت سے محبت ان کی خاص خوبی ہے اور سب سے بڑھ کر یہ کہ صاف کردار آدمی ہیں ۔ آل پارٹی حریت کانفرنس کے رہنماء یوسف نسیم نے کہا کہ میں سلطان سکندر کے خلوص اور تحریک آزادی کشمیر کے ساتھ ان کی وابستگی کو کبھی بھلا نہ سکوں گا۔ صحافت میں ان کی دلیری کا میں قائل ہوں ۔اس موقع پر عبدالرزاق جامی نے میاں محمد بخش کا کلام پیش کرکے سماں باندھ دیا۔تقریب میں آزاد کشمیر کے وزراء ڈاکٹر محمد مجید نقی خان، سید شوکت علی شاہ، بیرسٹر افتخار گیلانی بھی موجود تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض آزاد کشمیر کے وزیر حافظ محمد احمد قادری اور راجہ وسیم خان نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر راجہ وسیم، ایم رضا قادری، سردار سوار خان ،معروف صحافیوں طارق وارثی، محسن رضا، ارشاد محمود، عامر محبوب، عابد خورشید اور ڈی جی انفارمیشن آزاد کشمیر اظہر اقبال نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے آخر میں ممبر قانون ساز اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری نے شہدائے کشمیر ، شہدائے پاکستان ، مجید نظامی، سردار خالد ابراہیم کے بلندی درجات کے لئے خصوصی دعا کرائی۔ تقریب کے آخر میں وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے سلطان سکندر کو ان کی خدمات پر خصوصی شیلڈ پیش کی۔