پیرِ لاثانی ؒ نے مسلمانوں کو اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرایا،پیر محمد حسان حسیب الرحمن
راولپنڈی (نیوز ڈیسک)دربار عالیہ عید گاہ شریف کے سجادہ نشین پیر محمد حسان حسیب الرحمن نے کہا ہے کہ جان ِایمان -روحِ ایمان اور اللہ تعالیٰ کی رضا کے حصول کے لیے واحد ذریعہ عشق و اتباعِ رسول ِ مقبولؐ ہے۔ اللہ تعالیٰ جب بھی کسی سے راضی ہوا تو اُسے اپنے پیارے حبیبؐ کی محبت عطا فرمائی ۔ حضور نبی کریم ؐکے خاص غلاموں میں ایک ایسی عظیم ہستی شیخ المحدثین والمفسرین الحاج الحافظ پیر محمد حبیب الرحمن المعروف قبلہ عالم لاثانی ؒ کی ہے جنہوں نے اپنے آپ کو حضور نبی کریمؐ کی ذاتِ بابرکات میں فنا کر ڈالااور اپنے آپ کو شریعتِ مطہرہ کا پابند بنا لیا اور اپنے عمل و کردار سے ثابت کیا کہ حقیقی کامیابی اتباعِ رسولِ مقبول ؐمیں ہے ۔ حضرت پیرِ لاثانی ؒ نے مخلوقِ خدا کا تعلق دربارِ رسالت مآبؐ سے جوڑا اور مضبوط کیا ، دنیا کے طول وعرض کے تبلیغی دورے میں بے شمار مخلوقِ خدا کے قلوب و اذہان کو غلامی ِ مصطفیؐ سے منور کیا ، قرآنِ کریم و احادیثِ مبارکہ کے دروس کے ذریعے مسلمانوں کو دینِ متین اسلام کی حقیقی تعلیمات سے روشناس کرایاجس کا نتیجہ یہ نکلا کہ آپؒ دربارِ رسالت مآب ؐسے ایسے نوازے گئے کہ جس پر ایک نگاہ ڈالی اُس کی زندگی میں روحانی انقلاب برپا کر ڈالا ۔ ان خیالات کا اظہار اُنہوں نے اتوار کے روز عیدگاہ شریف میں یومِ پیرِ لاثانی ؒ کے موقع پر منعقدہ ایک عظیم الشان محفل ِ میلاد ِ مصطفی ؐسے خطاب کے دوران کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پیر محمد نقیب الرحمن نے کہا میرے شیخ ِ کامل پیرِ لاثانی ؒ کی پوری زندگی محبت و اطاعت رسول مقبولؐ سے عبارت ہے ۔اس موقع پر انگلینڈ سے آئے ہوئے عالمی مبلغِ اسلام امام عاصم نے کہا کہ عیدگاہ شریف سے ہمیشہ حضور نبی رحمتؐ، اہلِ بیت اطہار و صحابہ اکرام ؓ، انبیاء کرام علیہ السلام کے ادب و محبت کی تعلیم دی گئی اور اتحاد بین المسلمین اور وطنِ عزیز کے استحکام کے لیے کوشش کی گئی ہے ۔ محفل ِ میلاد مصطفی ؐ سے حافظ بشیر احمد سیالوی ، خواجہ وجاہت جمیل اور بریگیڈئیر ریٹائرڈ محمد شبیر نے بھی خطاب کیا۔