بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کا ساتویں روز بھی ڈی چوک میں احتجاج جاری
اسلام آباد(نا مہ نگار)بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولز کے اساتذہ کا ساتویں روز بھی اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج جاری رہا،کوئی بھی حکومتی نمائندہ سردی میں ٹھٹھرتے اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لیے نہ آیا، ملک بھر سے آئے ہوئے مظاہرین نے اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی،دھرنے میں اساتذہ نے عمران خان اپنا وعدہ پورا کرو، شہریار آفریدی اپنی قسم پوری کرو کے نعرے لگائے۔تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈی چوک میں ملک بھر آنے والے اساتذہ کے دھرنے کو آج آٹھ دن مکمل ہو جائیں گے ،اساتذہ نے اتوار کوساتویں روزبھی احتجاجی دھرنا جاری رکھا اور اپنے مطالبات کے حق میں شدید نعرے بازی کی ،یہ اساتذہ تین دسمبر کو احتجاج کے لیے اسلام آباد پہنچے تھے۔دوسری جانب بیسک ایجوکیشن کمیونٹی سکولزکے سردی سے ٹھٹھرتے اساتذہ کے حوالے سے حکومت کی طرف سے بھی مسلسل بے حسی کا مظاہرہ کیا جارہا ہے، حکومت اور اساتذہ کے درمیان مذکرات بھی کامیاب نہیں ہو سکے ہیں،اساتذہ کا مطالبہ ہے انہیں مستقل کیا جائے اور ان کی کئی ماہ کی تنخواہیں اداکی جائیں، کھلے آسمان تلے یخ بختہ راتوں میں دریاں بچھا کر بیٹھے ہیں زیادہ عمرکے اساتذہ بیمار ہونا شروع ہوگئے ہیں۔