وفاقی نظامت تعلیمات میں ایڈمنسٹریشن ونگ کی سربراہی گریڈ 18کے جونیئر افسر کو سونپ دی گئی
اسلا م آباد(نامہ نگار)وفاقی نظامت تعلیمات میں نئے قائم کردہ سات ونگز میں ایک ونگ کی سربراہی گریڈ اٹھارہ کے جونیئر افسر کو دے دی گئی، گریڈ اٹھارہ کے جونیئر کو ایڈمن ونگ سونپے جانے پر گریڈ انیس کے سینئر افسران میں شدیدبددلی پھیل گئی ہے دوسری جانب انتظامی امور کا تجربہ نہ رکھنے والے مذکورہ افسر تعلیمی اداروں کے مسائل سے بھی نا آشنا نکلے ،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کے ڈائریکٹر گریڈ انیس کے تنویر احمد،ایف جی سکولز ونگ کے سربراہ گریڈ انیس کے ثاقب شہاب،کالجز ونگ کے سربراہ گریڈ انیس کے جاوید اقبال مرزا،بجٹ ونگ کی سربراہ گریڈ انیس کی امبر سلطانہ، ٹریننگ ونگ کی سربراہ گریڈ انیس کی سعدیہ عدنان،کوالٹی انہانسمنٹ سیل کے سربراہ گریڈ انیس کے محمد راشد کو بنایاگیاہے، نوٹیفکیشن کے مطابق ساتویں اور اہم ترین ایڈمنسٹریشن ونگ کے لیے گریڈ انیس کی بجائے گریڈ اٹھارہ کے میجر(ر) عبدالوحید کو سربراہ بنایاگیاہے ۔ذرائع کے مطابق تقرری سے دیگر ملازمین میں شدید بددلی پیدا ہوگئی ہے۔دوسری جانب ڈائریکٹر ایڈمن بنائے گئے میجر(ر) عبدالوحید کی قابلیت کا یہ عالم ہے کہ انہیں وفاق کے تحت چلنے والے 423تعلیمی اداروں میں سے اکثر کے مسائل کا بھی علم نہیں ہے ،جب ان سے شاہدرہ کے سکول میں بس ڈرائیور کی عدم موجودگی اور بس نہ ہونے سے خواتین عملہ کو مسائل کے بارے میں پوچھاگیا تو ان کاکہنا تھاکہ یہ مسئلہ ان کے علم میں نہیں ہے۔