عالمی حالات کا مقابلہ کرنے کے لئے نوجوان نسل کو سخت محنت کرنا ہوگی‘ شاہد خاقان
اسلام آباد (نامہ نگار) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ معیشت بہتر ہوتو لوگوں کو نوکریاں پیدا ہوتی ہیں،معیشت کو بہتر بنانا حکومت کا کام ہے،طلباء نوکری کے لیے حکومت کا انتظار نہ کریں بلکہ خود کچھ کرکے لوگوں کے نوکریاں پیدا کریں ۔ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی اسلام آباد میں اقراء یونیورسٹی کی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا،انہوں نے فن فسٹا میں جیتنے والے طلبا و طالبات میں انعامات تقسیم کیئے ،اپنے خطاب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں غیر نصابی سرگرمیوں کا انعقاد بہت ضروری ہیں،اس سے طلباء کی ذہنی نشوونما ہو تی ہے ،صحت مند نوجوان کسی بھی قوم کی تعمیرو ترقی میں اہم کردار اداکرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لکھنا اور بولنا مشکل کام ہوتا ہے ،اگر آپ یہ دونوں چیزیں سیکھ لیں تو آگے پڑھنا آسان ہے۔ شاہد خاقان نے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے، بدلتے ہوئے عالمی حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے ہماری نئی نسل کو سخت محنت کرنا ہو گی، ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم ملک اور آنے والی نسلوں کیلئے کام کریں۔