زرداری اور بلاول ہی ملک کو بحران سے نکال سکتے ہیں‘ منظور وسان
خیرپور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی وزیر منظور وسان نے کہاہے کہ زندہ قوم اپنے قائدین کی قربانیوں کو فراموش نہیں کرتی ۔پیپلز پارٹی کے بانی وقائدعوام ذوالفقار علی بھٹو اور دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شہید نے قوم و ملک کی سالمیت ۔قومی خوشحالی کے لئے جانوں کا نذرانہ دے کرجمہوریت اور ملک کو بچایاتھا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی کے قیام کا مقصد مظلوم عوام کو ان کے حقوق دلوانا تھے یہی وجہ ہے کہ آج نصف صدی بیت جانے کے باوجود محنت کش طبقہ پیپلز پارٹی کی طاقت کا سرچشمہ ہے پیپلز پارٹی ایک سایہ دار درخت بن چکا ہے جس کی جڑیں عوام میں پھیلی ہوئی ہیں۔منظور وسان نے کہاکہ وزیر اعظم عمران خان غریب عوام کو گھر کیا دینگے بلکہ غریبوں سے ان کی چھت بھی چھین لیں گے۔مہنگائی کے بوجھ تلے دبے عوام کو مذید مہنگائی کی دلدل میں دھکیلنے میں کوشاں ہے پٹرول مصنوعات عالمی منڈی میں سستا اور عمران خان کی حکومت نے چھ روپے مہنگا کرکے عوام کو مہنگائی کے ایندھن میں دھکیلنے کے تمام حربے استعمال کررہے ہیں۔پی ٹی آئی کی ایک سو دن میں عوام کی فلاح و بہبود کے بجائے انہیں مسائلستان کی جھیل میں پھینک دیا ہے انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب خود عمران خان اپنی حکومت چھوڑ کر بیرون ملک بھاگ جائیں گے کیوں کہ انہوں نے قوم سے جو وعدے کئے تھے تاحال وہ وفا نہ ہوسکے ہیں۔پیپلز پارٹی کے قائدین آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری اپنی سیاسی بصیرت کے بدولت ملک و قوم کو بحرانوں سے نکالنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ملک سے غربت کا خاتمہ اور بے روزگاروں کو روزگار فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔کرپشن کے خاتمہ کے نام پر سیاسی انتقامی کاروائیاں کرکے خود کو کرپشن سے پاک چیمپین کہلوانے سے خود بری الذمہ نہیں ہوسکتے کپتان کی ہمشیرہ علیمہ خان کی کرپشن ان کے ہی دور حکومت میں عوام کے سامنے آئی ہے۔ابھی تو ابتدا ہے آگے دیکھتے ہیں ہوتا ہے کیا؟