عام انتخابات اپنے وقت پر ہونگے‘ مسلم لیگ ہی کامیابی حاصل کریگی‘ رفیق رجوانہ
کراچی (اسٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ الیکشن نہ تو قبل از وقت ہوں گے نہ بعد از وقت بلکہ بروقت ہوں گے، 2018کا الیکشن بھی مسلم لیگ ن ہی جیتے گی، نوازشریف کو عوام کے دلوں سے نہیں نکالا جاسکتا، جو لوگ یہ کہہ رہے کہ حکومت جارہی ہے یہ ان کی خواہش ہے و خام خیالی ہے،جب ووٹ کے تقدس کا خیال نہیں رکھا جاتا ہے تو پھر 1971ء جیسے سانحات رونما ہوتے ہیں جس میں ملک دو ٹکڑے ہوگیا تھا، ٹی وی چینلز دیکھو تو ایسالگتا ہے کل ہی حکومت جانے والی ہے میڈیا کو چاہئے مثبت کردار ادا کرے،احتساب ضرور ہونا چاہئے لیکن فیصلے ایسے ہونے چاہئیں کہ انصاف ہوتا نظر آئے، کچھ انہونی سیاسی ملاقاتیں ہورہی ہیں جس سے لگتا ہے کہ حکومت کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ہفتہ کو مسلم لیگ ہائوس میں مسلم لیگ ن کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے جانے والے استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی، رانا احسان، ایم پی اے ہمایوں خان، ایم پی اے شفیع جاموٹ، اسد جونیجو،زین انصاری،گورنر پنجاب کے صاحبزادے آصف رجوانہ اور دیگر نے خطاب کیا سندھ کے رہنما گورنر پنجاب کے سامنے پھٹ پڑے اور کہا کہ مرکز کی جانب سے سندھ کی تنظیم کو نظر انداز کیا ہوا ہے۔ ملک رفیق رجوانہ نے کہا کہ میں نے اندازہ کیا ہے کہ مسلم لیگ ن کے لئے سندھ میں بہت گنجائش ہے الیکشن میں اب چند ماہ باقی رہ گئے میں سمجھتا ہوں کہ جو خلاء ہے اسے جلد پورا کرلیا جائے گا۔ جہاں تک مسلم لیگ ن سندھ کے کارکنوں کے مسائل کا تعلق ہے تو وہ اس سلسلے میں وزیر اعظم سے بات کریں گے مسلم لیگ ن سندھ اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو فنڈز کا نہ ملنا ناانصافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہمیں عہدوں سے محبت نہیں ہم ملک کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔ عبدالستار ایدھی نہ تو صدر تھے نہ وزیر اعظم لیکن لاکھوں عوام نے ان کے جنازے کو ایسے رخصت کیا جو کسی وزیر اعظم یا صدر کو بھی نصیت نہیں ہوسکتا۔ عوام کی خدمت کرنے کے لئے عہدوں یا اختیارات کی ضرورت نہیں ہوتی اس کی بڑی مثال عبدالستار ایدھی کی سب کے سامنے ہے۔مسلم لیگ ن سندھ کے صدر بابو سرفراز جتوئی نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت نے کراچی اور حیدرآباد کو اربوں روپے کے فنڈز جاری کرنے کا اعلان کیا ہے اس کا فائدہ مسلم لیگ ن سندھ کے اراکین اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کو بھی ہونا چاہئے۔