اسوہٗ رسول ؐپر عمل سے دنیا و آخرت سنور جاتی ہے، سیدعارف شیرازی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر ) فخر موجودات باعثِ تخلیق کائنات شافع محشر ساقی کوثر صاحب لوح و قلم محمد مصطفی احمد مجتبیؐ کا ظہور اور آپکی اس دنیا میں تشریف آوری پوری کائنات پر پروردگارکا سب سے عظیم احسان ہے۔ آپؐ کی عظمت و رفعت اور آپکی سیرت عظمیٰ اور نامِ نامی کی بلندی اور کیا ہوگی کہ کلمہ شہادت میں اللہ تعالیٰ نے اپنے نام نامی کے ساتھ اپنے محبوب کا نام ملا دیا۔ربیع الاول مبارک میں محسنِ انسانیتﷺ کی آمد سے تاریخ عالم نے نئے سفر کا آغاز کیا، انسانی زندگی کا ہر گوشہ اس سراجِ منیرؐ کی تشریف آوری سے جگمگانے لگا،خزاں رسیدہ زندگی میں پُر کیف بہار آئی ۔ آپؐرہتی دنیا تک تمام انسانوں بلکہ پوری مخلوقات و کائنات کے لئے رحمت بنا کربھیجے گئے۔ مسلمان اسوہٗ رسولؐکو اپنائے، اسوہٗ رسولؐ کو مشعل راہ بنائے، اسوہٗ رسولؐپر عمل سے دنیا و آخرت سنور جاتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی راولپنڈی سیدعارف شیرازی اور ریلوے پریم یونین کے ڈویثرنل صدر ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے سیر ت رسالت ؐ کانفرنس ریلوے سی ڈی ایل ورکشاپ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا کہ حضورؐ کی غلامی میں ہی دنیا و آخرت کی کامیابی ہے۔آپؐ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے ایثار اور انسانیت کی خدمت کو اپنا شعار بنانا ہوگا، جب تک مسلمان حضور نبی کریمؐ کے بتائے ہوئے راستوں پر چلتے رہے دنیا کی کوئی قوت انہیں شکست نہ دے سکی۔ آج اسلامی امہ کی کمزوری کی بڑی اور بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہم پیغمبر انقلاب تاجدارِ کائناتؐ کی تعلیمات کو نظر انداز کر کے باہمی اختلافات کا شکار ہیں، اُم مسلمہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کا واحد طریقہ اسلامی ضابطہ حیات پر عمل سے ہی ممکن ہے۔ ہمیں اپنے دلوں کو عشقِ مصطفویؐکی نورانی کرنوں سے منور کر کے اسلامی فلاحی معاشرہ کی تشکیل کے لیے اپنی مذہبی و قومی کردار میں حصہ لینا ہوگاڈویثرنل صدرڈاکٹر اشتیاق عرفان نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوت ایمان کی روح اور بنیاد ہے مسلمان ختم نبوت کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں سن سکتا مسلمان ہر بات براداشت کر سکتا ہے مگر حضوؐر کی توہین برداشت نہیں کر سکتا انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حلف نامہ میں ترمیم کرکے پیش کرنے والوں کو پوری قوم کے سامنے پیش کیا جائے اور انھیں قرار واقعی سزا دی جائے۔اس موقع پر رضا شاہ، ولی اللہ بخاری، حنیف عباسی، رشید جدون، حافظ دلمراد،ذوالفقار، نوید بنگش،رمضان شاہ اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔ کانفرنس میں ریلوے مزدوروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔