معاہدہ کراچی کے وارث ہیں ، آزاد کشمیر میں بھی احتساب کیا جائے: خالد ابراہیم
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) ممتاز کشمیری سیاستدان اور جے کے پی پی کے صدر سردار خالد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ نواز شریف کے ساتھ آصف زرداری کا بھی احتساب کیا جائے۔ کوئی اقتدار کے اندر ہو یا باہر حتیٰ کہ آزاد کشمیر میں 1947 ء سے احتساب کیا جائے۔ جب سردار محمد ابراہیم خان بانی صدر تھے‘ اگر ہم اقتدار کی سیاست کرتے تو 25 سال میں ہمارے حصے میں بھی چھوٹا موٹا اقتدار آ سکتا تھا مگر ہم نے اصول نہیں چھوڑے۔ ہم نے چار اتحادوں میں رہ کر الیکشن لڑے۔ آخری بار ن لیگ سے مل کر الیکشن لڑنا ہماری غلطی تھی ورنہ اتحاد کے بغیر بھی ہم دو نشستیں لے سکتے تھے۔ وہ ہفتہ کی شام یہاں پریس کلب میں پارٹی کے مرکزی کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر سابق صدر جسٹس (ر) سردار محمد نواز خان‘ نومنتخب عہدیداروں سید نشاط کاظمی اور آصف گیلانی نے بھی خطاب کیا۔ سردار خالد ابراہیم نے کہا کہ ہم معاہدہ کراچی کے وارث ہیں یہ واحد دستاویز ہے جس سے گلگت بلتستان ریاست جموں کشمیر کا حصہ ثابت ہوتا ہے۔ ہم سردار محمد ابراہیم خان کے تاریخی کردار کے وارث ہیں۔ عوام نے سیاست میں ان کا ساتھ نہیں دیا۔ تحریک آزادی میں ساتھ دیا جو کامیابی سے ہمکنار ہوئی۔ آج وہ مجھے ووٹ دے کر کہتے ہیں کہ سردار محمد ابراہیم خان کے بیٹے کو وٹ دیا لیکن بھول جاتے ہیں کہ خود سردار ابراہیم کو وٹ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ 70 سال میں پاکستان میں پہلی بار احتساب ہوا تو چھوٹے بڑے سب کا ہونا چاہئے۔ آزاد کشمیر میں بھی ہونا چاہئے۔ آزاد کشمیر کے تین بڑے لیڈروں سردار ابراہیم‘ سردار محمد عبدالقیوم خان اور کے ایچ خورشید نے عوام کو ووٹ کا حق لے کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی لیڈرشپ کے ساتھ تو چلا جا سکتا ہے مگر اس کے پیچھے نہیں چلا جا سکتا۔ بھارت غاصب ہے کشمیر ہمارے لئے اہم ایشو ہے بھارت کا بندوبست کئے بغیر امریکہ کے ساتھ نہیں چلا جا سکتا۔
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) جموں کشمیر پیپلز پارٹی کے تیرہویں دو سالہ مرکزی کنونشن میں نومنتخب صدر سردار خالد ابراہیم خان‘ سیکرٹری جنرل سید نشاط کاظمی ایڈووکیٹ اور چیف آرگنائزر سید آصف گیلانی نے حلف اٹھا لیا۔ ان سے حلف چیف الیکشن کمشنر ایس عاشق محمود سدوزئی نے لیا۔ کنونشن راولپنڈی پریس کلب میں ہوا۔ الیکشن میں خاصی گہما گہمی دیکھنے میں آئی۔ سردار خالد ابراہیم کا انتخاب بلامقابلہ ہوا جبکہ دیگر دو عہدوں کے لئے نومنتخب سیکرٹری جنرل نشاط کاظمی نے 78 ‘ سردار رزیق نے 46 ‘ ابرار احمد یار 16 ‘ آصف مجید برق نے 9 ‘ نومنتخب چیف آرگنائزر سید آصف گیلانی نے 74 ‘ تسلیم باغی نے 61 ‘ مدثر ظہیر نے 11 ووٹ لئے۔ 200 میں سے 150 ووٹ کاسٹ ہوئے ایک ووٹ مسترد ہوا۔