دھرنے کے دوران گرفتار ہونے والے کارکنوں کیخلاف درج مقدمات ختم کئے جائیں، اکبر ہاشمی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) تحریک تحفظ ناموس رسالتؐ کا اجلاس زیر صدارت پروفیسر اکبر حسین ہاشمی چیئرمین تحریک کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس دھرنا معاہدہ کی خلاف ورزی پر حکومتی رویہ کی پرزور مذمت کی گئی۔ پروفیسر ہاشمی نے کہا کہ معاہدہ کے مطابق زیادہ سے زیادہ تین روز کے اندر پرچے خارج کرکے زیر حراست افراد کو رہا کردیا جائے گا۔ لیکن حکمران ختم نبوت شقوں کی بحالی کا انتقام لے رہے ہیں۔ اور ابھی تک سینکڑوں لوگ جیلوں میں ہیں جنہیں رہائی ملی وہ بھی ضمانتی مچلکوں پر اور مقدمے خارج نہیں کیے گئے۔ انہوں نے ڈی جی رینجرز کا شکریہ ادا کیا کہ وہ براہ راست دلچسپی لے کر لوگوں کو آزاد کرارہے ہیں۔ ہمارا مطالبہ ہے کہ چونکہ تمام پرچے بدنیتی پر جھوٹے بنائے گئے لہٰذا انہیں خارج کیا جائے اور لوگوں کو آزاد کیا جائے۔ دریں اثنا انہوں نے دھرنے کے مثبت نتائج کو قائم رکھنے کیلئے قیادت سے اقدامات کرنے کی اپیل کی۔