علما ء کرام تحفظ ختم نبوت قانون کیلئے متحد ہوجائیں، پیر سرکار جی
راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) سجادہ نشین آستانہ عالیہ محمدیہ، قادریہ، قلندریہ گلشن آباد شریف پیر سرکار جی نے کہا ہے کہ امام الانبیا ، رسالتماب حضرت محمدؐ پوری انسانیت کے محسن اعظم ہیں۔ سیرت مصطفیٰؐ جو نہ صرف مسلمانوں کیلئے بلکہ اقوام عالم کیلئے ایک بہترین نمونہ اور اسوۃ حسنہ ہے۔ نبی مکرمؐ پیغمبر امن ہیں۔ وہ سب کیلئے مسیحا اور ہدایت کا سرچشمہ ہیں۔ گزشتہ روز یہاں علمائے کرام کے ایک وفد سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحفظ ناموس ختم نبوت کیلئے علماء اہلسنت متحد ہوکر اپنا کردار ادا کریں۔ قادیانی سازشوں کو ناکام بنائیں۔ راولپنڈی، اسلام آباد، اٹک، گوجرخان کے علمائے کرام کی بڑی تعداد نے آستانہ عالیہ محمدیہ قادریہ گلشن آباد شریف میں اڈیالہ جیل سے رہائی پر انہیں مبارک باد پیش کی اور تحریک لبیک یارسول اﷲ کے دھرنے میں انکی شرکت اور خدمات کو سراہا۔