ریلوے اب کما رہا ہے‘ نجکاری کا تصور دفن کر دیا‘ خواجہ سعدرفیق
اسلام آباد (خبر نگار) وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کراچی سے میرپور خاص کے درمیان مہران ایکسپریس کی بحالی کے لیے حیدرآباد سے میرپورخاص تک ٹریک ، ریلوے اسٹیشنوں اور دیگر تنصیبات کے حوالے سے تفصیلی سروے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیر ریلویز کی ہدایت پر ریلویزہیڈکوارٹرز اور کراچی ڈویژن کے ماہرین کی مشترکہ ٹیم اگلے دس دنوں کے اندر ہنگامی بنیادوں پرسروے مکمل کر کے وزیر ریلویز کو رپورٹ پیش کرے گی جس کی روشنی میں ٹریک اور ریلوے اسٹیشنوں کی حالت بہتربنانے کے لیے احکامات جاری کئے جائیں گے۔ ریلوے کے ا یک اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ اس مہینے کوہاٹ پنڈی ریل کار کا بھی آغاز کردیا جائے گا جس کے لئے انتظامات آخری مراحل میں ہیں جبکہ سبی ہرنائی ٹریک کی بحالی کا بھی وہ بہت جلد اعلیٰ حکام کے ساتھ خود دورہ کرکے معائنہ کریں گے۔وزیر ریلویز نے کہا کہ پاکستان ریلوے قومی وحدت کی علامت ہے اور اس کی بحالی اور ترقی قوم کی بحالی اور ترقی کی علامت ہے۔ خواجہ سعد رفیق نے مختلف ٹرینوں کی آؤٹ سورسنگ کے حوالے سے بھی بریفنگ لی۔ وزیر ریلویز نے کہا کہ آج سے چار پانچ برس پہلے ریلوے کی فروخت اور نیلامی کی باتیں کی جارہی تھیں مگر ریلوے میں آنے والی بہتری نے نجکاری کے تصور کو دفن کردیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو بہترین سفری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا تجربہ کیا جارہاہے جو اپنے نتائج کے حوالے سے کامیاب جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے۔