کشمیری خواتین غیرمحفوظ‘ خوف کے سائے میں زندگی بسر کر رہی ہیں‘ علی رضا
برسلز (پ ر) چیئرمین کشمیر کونسل یورپی یونین علی رضا سید نے کہا ہے کہ بھارتی افواج کے زیرتسلط کشمیر میں عوام خوف‘ غم اور دکھ کی زندگی بسر کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یورپی پارلیمنٹ میں دنیا کے متنازعہ علاقوں میں خواتین کی زندگی کے بارے میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس کانفرنس کا اہتمام یورپین ہاؤس کی پراجیکٹ مینجر لیگی گاسمیرا نے کیا تھا۔ کانفرنس کی میزبانی کے فرائض یورپی یونین کے رکن سجاد کریم نے ادا کئے۔ علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی خواتین غیرمحفوظ ہیں اور وہ خوف کے سائے میں زندگی بسر کر رہی ہیں۔ علی رضا سید نے کہا کہ کئی متنازعہ خطوں میں خواتین خوف اور سراسیمگی کی حالت میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سلسلہ اب ختم ہونا چاہئے۔ خواتین کو قیام امن کی کوششوں میں شریک کیا جانا چاہئے۔ چیئرمین کشمیر کونسل نے کہا کہ مقبوضہ اور متنازعہ علاقوں میں خواتین کے حقوق کے بارے کھل کر بحث نہیں ہوتی۔ اس مسئلہ کو اب عالمی سطح پر زیربحث لا کر خواتین کو تحفظ فراہم کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر‘ برما میں روہنگیا خواتین کی تصاویر بھی پیش کی گئیں۔