نواز شریف میمو گیٹ سکینڈل میں کالا کوٹ پہن کر کیوں گئے: چودھری منظور
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) پی پی پی کے ترجمان چودھری منظور نے مولانا فضل الرحمٰن اور خواجہ سعد رفیق کے بیانات کا جواب دیتے ہوئے کہا ہے حیرت ہے کہ مستقل سیاسی یتیم ہمیں طعنہ دے رہے ہیں۔ حکومت سے خیرات سمجھ کر حصہ بٹورنے والے مولانا کو ایسی باتیں زیب نہیں دیتی ہیں۔ مولانا اقتدار میں اپنا حصہ بچانے کیلئے نواز شریف کی ترجمانی کررہے ہیں۔ مولانا اپنی سیاست کریں اور نواز شریف کو ان کے ترجمان کے رحم و کرم پر چھوڑ دیں۔ پرانے اتحادی ہونے کی وجہ سے مولانا فضل الرحمان کا احترام کرتے ہیں، وہ اس کا ہی خیال کرلیں۔ ترجمان نے خواجہ سعد رفیق کو جواب دیتے ہوئے کہا کہ آئین کی بالادستی کی بات کرنے والی مسلم لیگ (ن) بتائے اس نے آئین کے لئے کیا کیا۔ تین بار دوتہائی اکثریت حاصل کرنے والی مسلم لیگ (ن) نے آئین پر ڈالا گیا گند کیوں صاف نہیں کیا۔ پارلیمنٹ کی بالادستی کے خلاف آئین پر ضیاء الحق اور خواجہ سعد رفیق کے قائد نے گند ڈالا۔ پی پی پی نے سادہ اکثریت نہ ہونے کے باوجود آئین کو آمروں کی الائشوں سے پاک کیا۔ نواز شریف نے میثاق جمہوریت کے بعد میمو گیٹ میں کالا کوٹ کس آئین کی بالادستی کیلئے پہنا تھا۔ خواجہ سعد رفیق پہلے شہباز شریف کی گالیوں کا جواب دیں۔