تاج محل کو 25 نہیں 400 سال تک تحفظ درکار ہے: بھارتی سپریم کورٹ
نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ تاج محل ہم سب کا ہے، اُسے 20 یا 25 سال نہیں 400 سال تک تحفظ درکار ہے ، آنے والی نسلوں کے لئے اس کی حفاظت کی جائے۔ عدالت نے تاج محل کی حفاظت سے متعلق تفصیلی اور جامع رپورٹ طلب کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اٹارنی برائے عوامی مفاد ایم سی مہتا کی تاج محل کی حفاظت سے متعلق درخواست کی سماعت سپریم کورٹ میں ہوئی۔ اس موقع پر عدالت نے کہا تاج محل کو 20 یا 25 سال نہیں 400 سال تک تحفظ درکار ہے۔ صدیوں تک تاج محل کو قائم رکھنے کیلئے وسیع تر نقطہ نظر اور پالیسی کی ضرورت ہے۔ بھارتی سپریم کورٹ نے اتر پردیش کی حکومت کو تاج محل کی حفاظت سے متعلق جامع پلان مرتب کرنے کیلئے 8 ہفتے کی مہلت دیدی۔ تاج محل کی حفاظت کرنے والی اتھارٹی نے عدالت کو بتایا تاج محل کی حفاظت کے لئے 500 میٹر رقبے تک نوکنسٹرکشن زون قرار دیدیا گیا ہے۔