ضلع وہاڑی میں 2 ارب 28 کروڑ کے 291 منصوبوں پر کام جاری
وہاڑی + ماچھیوال (نامہ نگار) ایم پی اے بلال اکبر بھٹی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت ضلع وہاڑی میں 2 ارب 28 کروڑ مالیت کے 291 عوامی فلاحی منصوبوں کی تکمیل کے لئے کوشاں ہے۔ افسران خصوصی دلچسپی سے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنائیں۔ یہ بات انہوں نے ڈسٹرکٹ کو آرڈینیشن کمیٹی وہاڑی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی، ایم این اے سید ساجد مہدی سلیم شاہ، ایم پی اے میاں محمد ثاقب خورشید، ایم پی اے چوہدری ارشاد احمد آرائیں اور ارکان سمبلی کے نمائندوں، مختلف تعمیراتی محکمو ں کے افسران اور دیگر ضلعی اداروں کے سر براہان شر یک تھے۔ ایم پی اے بلال اکبر بھٹی نے کہا کہ جن نئے منصوبوں کی منظوری ہو چکی ہے ان کا ٹینڈرنگ کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ میاں ثاقب خورشید کے تجویز کردہ شرقی کالونی سکول اور ملٹی پرپز ہال گورنمنٹ اسلامیہ ہائی سکول پر جلد کام شروع کیا جائے۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر علی اکبر بھٹی نے بتایا کہ خادم اعلیٰ پنجاب لوکل گورنمنٹ پروگرام کے تحت ضلع کے 105یونین کونسلوں میں 25 لاکھ روپے فی یونین کونسل خرچ کئے جائیں گے جبکہ شہری علاقوں میں فی وارڈ 5لاکھ روپے بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ ہوں گے۔ اسی طرح صاف دیہات پروگرام کے تحت ہر یونین کونسل میں 1لاکھ روپے سے صفائی کا عمل شروع کیا جا چکا ہے اور اس وقت ضلع وہاڑی کارکردگی کے اعتبار سے صوبہ بھر میں چھٹے نمبر پر ہے۔