انجمن تاجران زکریا ٹائون کا امریکہ و اسرائیل کیخلاف احتجاجی مظاہرہ، پتلا نذر آتش
ملتان (نمائندہ خصوصی) انجمن تاجران زکریا ٹائون بوسن روڈ کے تاجروں نے بیت المقدس کو اسرائیلی دارالخلافہ بنائے جانے پر امریکہ و اسرائیل کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا پتلا اور امریکی و اسرائیلی پرچم نذر آتش کئے، احتجاجی مظاہرے کی قیادت انجمن تاجران زکریا ٹائون بوسن روڈ کے صدر رانا ارشاد، جنرل سیکرٹری مخدوم آصف شاہ نے کی۔ مظاہرے میں سینئر نائب صدر ملک منیر آرائیں، شوکت بھٹی، رمضان سیال، رائو آصف انور، جاوید اسلم، عمران لغاری سمیت دیگر تاجروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر مظاہرین کا کہنا تھا کہ امریکہ و اسرائیل امت مسلمہ کا امن تباہ کرنے کے درپے ہیں اور نت نئی سازشوں میں مصروف ہیں۔ بیت المقدس کو اسرائیلی دارالخلافہ بنانا بھی صیہونی قوتوں کی عالمی سازش ہے جس کے خلاف اب اُمت مسلمہ کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہوگا پوری پاکستانی قوم فلسطینیوں کی بیت المقدس کی آزادی کی جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑی ہے۔