کرکٹ شائقین عامر کی طرح مجھے بھی معاف کردیں:محمد آصف
لاہور (نمائندہ سپورٹس )سپاٹ فکسنگ کے جرم میں پابندی کے بعد فاسٹ باو¿لر محمد آصف نے پاکستان کرکٹ بورڈ پر ان کے اور عامر کے لیے دوہرا معیار اپنانے کا شکوہ کرتے ہوئے کرکٹ شائقین سے ایک مرتبہ پھر ان کے جرم کو معاف کرنے کی اپیل کردی۔انہوںنے کہا کہ قائد اعظم ٹرافی کے دوران فارم اور ردھم دوبارہ حاصل کرلیا ہے اور اگر قومی ٹیم میں موقع ملا تو فارم کو ثابت کرسکتا ہوں۔ڈومیسٹک سیزن میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں جہاں میں نے 5 میچوں میں 30 وکٹیں حاصل کرکے فٹنس اور ردھم کے ساتھ ساتھ اپنی کارکردگی بھی دکھائی ہے۔ پی سی بی نے میرے اور سلمان بٹ کے مقابلے میں محمد عامر کے ساتھ دوہرا معیار اپنا رکھا ہے۔کرکٹ شائقین سے جس طرح عامر کو معاف کیا ہے اسی طرح انھیں بھی معاف کرنے کی استدعا کرتے ہوئے فاسٹ باو¿لر کا کہنا تھا کہ 'جس طرح انھیں ٹیم میں واپس لایا گیا ہے یہ دوہرا معیار ہے، پالیسی سب کے لیے برابر ہونی چاہیے۔ انگلینڈ، آئرلینڈ اور سکاٹ لینڈ کی کنڈیشنز میں باو¿لنگ کا اچھا تجربہ ہے اور اگر موقع ملا تو وہاں پر بہتر کارکردگی دکھا سکتا ہوں۔محمد آصف نے دعویٰ کیا کہ ان کے غیرملکی لیگ کی ٹیموں سے رابطہ ہے تاہم جب تک معاملات حتمی شکل اختیار نہیں کرتے تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔