سندھ گیمز کی تیاریاں مکمل‘ انعقاد شایان شان طریقے سے کریں گے‘ ڈاکٹر نیاز علی عباسی
کراچی(اسپورٹس رپورٹر) سندھ گیمز کا انعقاد شایان شان طریقے سے کریں گے ہماری کوشش ہوگی کراچی میں ہونے والا یہ بڑا ایونٹ پچھلے تمام سندھ گیمز پر سبقت لے جائے‘ اس بات کا اظہار صوبائی سیکریٹری اسپورٹس اینڈ امور نوجوانان ڈاکٹر نیاز علی عباسی نے اسپورٹس ایسو سی ایشنز‘ سندھ اولمپک ایسو سی ایشن اور محکمہ کھیل کے افسران کے اجلاس میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ کومکمل طور پر شفاف بنانے کے لئے ہم نے محکمہ اسپورٹس کے ساتھ ساتھ کمشنر کراچی‘ ڈپٹی کمشنرز‘ فنانس ڈپارٹمنٹ‘ انفارمیشن ڈپارٹمنٹ اور دیگر محکموں کے افسران کو بھی افتتاحی‘ اختتامی تقریب اور سب کمیٹیوں میں شامل کیا ہے۔ ڈائریکٹر اسپورٹس شہزاد پرویز بھٹی‘ کنسلٹنٹ سندھ اسپورٹس بورڈ رازق حسین ربانی‘ محمد حسین مکانی‘ سندھ اولمپک کے سینئر نائب صدر محفوظ الحق‘ سیکریٹری احمد علی راجپوت‘ پاکستان ٹینس فیڈریشن کے سیکریٹری خالد رحمانی‘ سندھ باکسنگ کے اصغر بلوچ‘ سندھ کراٹے کے عبدالحمید‘ کراچی ویمن ہاکی کی صدر اور سابق وزیر کھیل ڈاکٹر سید محمد علی شاہ کی بیگم اسماء علی شاہ‘حاجی غلام محمد‘ہاکی اولمپیئن اصلاح الدین‘ سیکریٹری کراچی ہاکی سید حیدر حسین سمیت دیگرتمام ایسو سی ایشنز کے عہدیداران موجود تھے۔