زون چھ اے ڈویژن لیگ کرکٹ ، سرفراز احمد کے جارحانہ 91رنز
کراچی (اسپورٹس رپورٹر)کے سی سی اے زون چھ اے ڈویژن لیگ کرکٹ ٹورنامنٹ میں پاکستان کرکٹ کلب نے سن کرکٹ کلب کو دس وکٹوں سے شکست دیکر فائنل میں کھیلنے کا اعزاز حاصل کر لیا۔ پاکستان کرکٹ کلب کے وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد کی دھواں دھار نصف سنچری بائیں ہاتھ کے آل راونڈر سعود شکیل کی آل راونڈر کارگردگی دانش عزیز کی تباہ کن بائولنگ نے اپنی ٹیم کی کامیابی میں نمایاں کردار ادا کیا جبکہ سن کرکٹ کلب کے خواجہ محمد نافع کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔کے سی سی اے اسٹیڈیم پر کھیلے گئے پہلے سیمی فائنل میں سن کرکٹ کلب کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا اور سن کرکٹ 143رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ خواجہ محمد نافع نے دو چوکوں کی مدد سے 63رنز فضل احمد نے 28رنز بنائے۔ دانش عزیز اور سعود شکیل نے چار چار وکٹیں محمد رضوان خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔ مطلوبہ اسکور پاکستان کرکٹ کلب نے بغیر نقصان کے 12.4اوورز میں پورا کر لیا۔ سرفرا ز احمد نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے سات چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے 51گیندوں پر ناقابل شکست 91رنز سعود شکیل نے 52رنز پانچ چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے 27گیندوں پر بنائے ۔