جوڈیشل کمپلیکس میں فوری عارضی سہولتیں فراہم کی جائیں‘ وکلاء کا ہنگامی اجلاس
ملتان (سپیشل رپورٹر)ہائیکورٹ و ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز کے وکلاء کا ہنگامی اجلاس گزشتہ روز ضلع کچہری ملتان میں منعقد ہوا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرزا محمد فرخ بیگ نے کہا کہ عدالتوں کی نیو جوڈیشل کمپلیکس میں منتقلی کے بعد وکلاء کے ساتھ عدلیہ توہین آمیز رویہ روا رکھے ہوئے ہے جس کو اگر فوری طور پر ٹھیک نہ کیا گیا اور وکلاء کی عزت و تکریم کا خیال نہ رکھا گیا تو وکلاء راست اقدام پر مجبور ہوجائیں گے۔حکومت اور عدلیہ فوری طور پر نیو جوڈیشل کمپلیکس میں مکمل انفراسٹرکچر اور چیمبرز کی تعمیرات کرائیں اور مکمل تعمیرات سہولیات کی فراہمی تک وکلاء کو عدالتوں کے سامنے عارضی سہولیات فراہم کی جائیں یا عدالتوں کی نیو جوڈیشل کمپلیکس سے ضلع کچہری میں عارضی طور پر منتقلی پر بھی غور کیا جائے انہوں نے کہا کہ آج وکلاء نے اپنے حقوق کے حصول کیلئے مشترکہ جدوجہد کا آغاز کردیا ہے جو مقاصد کے حصول تک جاری رہے گی۔اجلاس سے محمد عرفان وائیں،محمد حسین جہانیاں،محمود اشرف خان،شیخ سرفراز احمد،بشریٰ نقوی‘ سید فرخ بیگ،سید ارباب شاہ،شاہ زیب افشار،شمس القمر خٹک،چوہدری خالد وقار،محمد حسن رندھاوا،محمد اظہر بلوچ ودیگر وکلاء نے بھی خطاب کیا اور اجلاس میں متفقہ طور پر کہا گیا کہ سینئر و نواجوان وکلاء پر مشتمل ایکشن کمیٹی بھی تشکیل دی جارہی ہے جس کا باقاعدہ اعلان11دسمبر کو ہوگا۔جبکہ 11دسمبر کو صبح10بجے جنرل باڈی کا اجلاس بلوانے کیلئے ایکوزیشن صدر و جنرل سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار ملتان کے حوالے کردی گئی ہے ۔اجلاس میں طے پایا کہ جنرل باڈی کے اجلاس کے بعد نیو جوڈیشل کمپلیکس میں پرامن احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔