زمینوں پر قبضے کیخلاف فوری ایکشن، 4316 پلاٹس مالکان کو واپس دالوائے: ڈجی نیب ملتان
ملتان (کرائم رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل نیب ملتان عتیق الرحمان نے کہا ہے کہ نیب گزشتہ 17 سال سے کرپشن کے خاتمے کے لئے سرگرم ہے آگاہی اور تدارک کا کام جاری ہے چالیس ہزار کی ورک فورس طلباء کی صورت میں نیب کے ساتھ کام کر رہی ہے ۔ یہ نوجوان فورس کرپشن کو ختم کرنے میں ہمارے شانہ بشانہ ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز آرٹس کونسل میں عالمی انسداد بد عنوانی کے دن کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا انہوں نے مزید کہا کہ زمینوں پرقبضے اور دیگر صورتحال پر فوری ایکشن لے رہے ہیں انہوںنے بتایا کہ نیب ملتان کو گزشتہ اڑھائی سال کے دوران 5800 شکایات موصول ہوئیں جس پر کارروائی کرتے ہوئے کرپٹ عناصر سے ایک ارب چالیس کروڑ روپے نقد رقم برآمد کی جبکہ89 کروڑ 20 لاکھ روپے کی پراپرٹی ریکور کی جبکہ اس دوران 4316 پلاٹس مالکان کو واپس دلوائے گئے ہیں انہوںنے بتایا کہ نیب کے عدالتی کیسز کی کامیابی کا تناسب 70 فیصد ہے سیمینار سے ڈائریکٹر نیب ملتان عبدالحفیظ و دیگر نے بھی خطاب کیا جبکہ تقریری مقابلوں‘ مضمون نویسی‘ ڈرامہ اور پینٹنگ کے مقابلوں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات کو انعامات بھی دیئے گئے دریں اثناء نیب کے زیر اہتمام واک کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں سول سوسائٹی کے افراد طلبہ و شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔