اتفاق گروپ نے مسلم لیگ ن ٹریڈرز ونگ میں شمولیت کا اعلان کردیا
لاہور( کامرس رپورٹر)تاجروں کی تنظیم اتفاق گروپ نے مسلم لیگ (ن) ٹریڈرز ونگ میں شمولیت کا اعلان کر دیا ۔ اتفاق گروپ کے عہدیداروں نے یہ اعلان صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن مجتبیٰ شجاع الرحمن کی موجودگی میں کیا ۔ اس موقع پر (ن) ٹریڈرز ونگ لاہو رکے صدر عرفان اقبال شیخ،جنرل سیکرٹری شاہد نذیر ، ڈپٹی پریذنڈنٹ میاں عثمان ،سینئر نائب صدر عتیق الرحمن، سینئر وائس چیئرمین عامر سہیل ،چوہدری فیاض سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے اتفاق گروپ کے چیئرمین عقیل چوہدری اور صدر عابد حسین بٹ کو ساتھیوں سمیت (ن) لیگ ٹریڈرز ونگ میں شمولیت پرخوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ اس سے مسلم لیگ (ن) مضبوط ہو گی ۔ انہوںنے کہا کہ بجلی کی لوڈ شیدنگ کی وجہ سے معاشی سر گرمیاں نہ ہونے کے برابر تھیں اور یہ بحران معیشت کو دیمک کی طرح کھا رہا تھا لیکن حکومت نے دن رات کی کاوشوں سے اس پر قابو پا لیا ہے ۔ عرفان اقبال شیخ ، شاہد نذیر ، میان عثمان اوردیگر نے کہا کہ تاجر برادری کے مسائل کے حل اور معیشت کی ترقی کے لئے بھرپور اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔ نئے شامل ہونے والوں میںنوٹیفکیشن تقسیم کئے گئے جبکہ مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ڈپٹی پریذیڈنٹ میان عثمان اور دیگر کو شیلڈ ز بھی دیں ۔