کلبھوشن کی اہلیہ اور والدہ سے ملاقات 25 دسمبر کو کرائیں گے۔ ملاقات کے وقت بھارتی نمائندہ بھی موجود ہو گا: ترجمان دفتر خارجہ۔ دونوں خواتین کو مکمل سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ بھارت کو آگاہ کر دیا ہے: پریس بریفنگ
دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں بتایا ہے کہ حکومت پاکستان نے بھارتی جاسوس سے اسکی بیوی کے ساتھ والدہ کو بھی ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔ اس طرح سے پتہ چلتا ہے کہ بھارت کی اپنے جاسوس سے ملاقات کیلئے اسکی دونوں باتیں تسلیم کر لی گئی ہیں۔ جس میں دوسری بات یہ تھی کہ ملاقات کے وقت ایک بھارتی سفارتکار بھی موجود ہو گا۔ بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج نے ان دونوں خواتین کی سکیورٹی پر خدشات کا اظہار کیا تو پاکستان نے انکی حفاظت کی بھی یقین دہانی کرا دی ہے۔ بے شک ہمیں دشمنوں کے ساتھ بھی حسن سلوک کا حکم دیا گیا ہے مگر یہ عمل ایک خاص حد تک ہی درست رہتا ہے۔ بھارت نے جن لوگوں کو پاکستانی دہشت گرد ہونے کے الزام لگا کر گرفتار کیا تھا کیا کبھی انکی کسی پاکستانی اہلکار یا انکے گھر والوں سے ملاقات کا بھارت کی طرف سے کبھی اشارہ بھی ملا ہے۔ اسکے برعکس پاکستان کی طرف سے ایسے اقدامات سے لگتا ہے کہ یہ فیصلہ کسی خوف یا دباؤ سے کیا گیا ہے۔ ایک خطرناک دہشت گرد کو اس قسم کی مراعات کہیں بھی نہیں دی جاتی۔ کلبھوشن ایک حاضر سروس بھارتی فوج کا افسر اور جاسوس ہے جسے رنگے ہاتھوں غیر قانونی طور پر پاکستان میں داخل ہونے اور یہاں ملک دشمن عناصر سے رابطوں پر گرفتار کیا گیا ہے۔ وہ کسی خصوصی رعایت کا مستحق نہیں۔ ایسے مجرموں کے ساتھ وہی سلوک کیا جائے جو خود بھارت کی جانب سے روا رکھا جاتا ہے۔ وہ محض غلطی سے سرحد پار کرنے کے جرم میں گرفتار کئے گئے پاکستانی بچوں کی بھی تشدد و مسخ ہونیوالی نعشیں ہی بھجواتا ہے جبکہ اسکی جیلوں میں بند ہزاروں کشمیری ظلم و تشدد کا شکار ہیں۔ انہیں گھر والوں سے ملاقات یا وکیل کرنے تک کی اجازت تک نہیں۔
شہباز شریف اب اپنی ساکھ کیسے بچائیں گے
Apr 18, 2024